پاکستان میں جب بھی لوگ سیاحت کا پلان بناتے ہیں چاہے گرمیوں کی چھٹیوں کا آغاز ہو یا سردیوں میں برف باری کا موسم، تو اکثر لوگوں کا رخ اور پلان خیبر پختونخوا کے مشہور علاقوں جیسے سوات، ناران، کاغان یا نتھیا گلی کی طرف ہی ہوتا ہے۔
جو گزرتے کچھ سالوں سے اپنے سیاحتی سیزن کے دوران لوگوں کی بے پناہ بھیڑ، ٹریفک جام، ہوٹلز کے حد سے مہنگے کرائے،اور شور شرابے کا مرکز بن جاتے ہیں۔ جس سے سیاحت کا اصل مقصد “فطرت کے سکون” کہیں کھو جاتا ہے جس کی تلاش میں لوگ دور دراز سے سفر کر کے ان علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔
KPK Hidden Places for Tourism — خیبر پختونخوا کی چھپی ہوئی وادیاں جہاں سیاحت کا نیا سفر شروع ہوتا ہے
شاید آپ نا جانتے ہوں کہ خیبر پختونخوا کے میلوں پھیلے پہاڑی سلسلوں میں ابھی بھی کئی ایسی سلکش اور حسین وادیاں موجود ہیں جو ابھی تک روایتی سیاحت سے نابلد ہیں۔ یہ وہ علاقے ہیں، جو قدرتی مناظر، سر سبز ڈھلوانوں، گلیشئیرز اور شفاف پانی کے نالوں کا اپنا اصل قدرتی رنگ اور پاکیزگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
خوش آئند بات یہ ہے کہ حکومت اب ان دور دراز علاقوں تک رسائی آسان بنا رہی ہے۔ اس حوالے سے مکمل تفصیلات کے لیے آپ ہماری [KPK Tourism Roads Upgradation] کی تازہ ترین رپورٹ دیکھ سکتے ہیں۔”
اگر آپ بھی اس بار بھیڑ بھاڑ سے دور، فطرت کی اصل خوبصورتی کو خاموشی اور حقیقی پرسکون ماحول میں محسوس کرنا چاہتے ہیں ،تو خیبر پختونخوا کی ان 5 چھپی ہوئی وادیوں کی سیر کا پلان لازمی بنائیں:
1. وادیِ تیراہ (ضلع خیبر) — تاریخ، ثقافت اور صنوبر کے گھنے جنگلات
خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں واقع وادیِ تیراہ ایک دور میں عام سیاحوں کی رسائی سے مکمل طور پر باہر سمجھی جاتی تھی۔ ماضی کے حالات اور علاقہ غیر میں شمار ہونے کی وجہ سے یہ علاقہ ایک لمبے عرصے تک پردے میں رہا، لیکن اب امن و امان کی بحالی کے بعد حکومت اور مقامی انتظامیہ نے اسے سیاحت کے لیے مکمل طور پر کھول دیا ہے۔
نوٹ: یہ وادی ابھی تک مکمل طور پہ محفوظ نہیں اور یہاں جانے کیلئے فورسز کی اجزات لازمی ہے تو سفر کا پلان کرنے سے پہلے اس کے لئے درکار فارمیلیٹیز پوری کر لیں تاکہ کسی بھی نا خوشگوار صورتحال سے بچ سکیں)

تیراہ کی خوبصورتی کی سب سے بڑی خوبی اس کے اونچے پہاڑ، صنوبر اور صنوبر کے قد آور درختوں کے گھنے جنگلات، اسکا انتہائی خوشگوار موسم اور ان کے درمیان سے گزرتے ٹھنڈے پانی کے چشمے ہیں۔ یہاں کی ہوا اتنی تازہ اور صاف ہے کہ انسان چند لمحوں میں شہر کی تمام تھکن بھول جاتا ہے۔
- موسم اور بہترین وقت: مئی سے ستمبر کے مہینے تیراہ کی سیر کے لیے بہترین ہیں جب یہاں کا درجہ حرارت نہایت خوشگوار رہتا ہے۔ سردیوں میں یہاں شدید برف باری ہوتی ہے، جو ایڈونچر کے شوقین افراد کے لیے ایک الگ ہی منظر پیش کرتی ہے۔
- کیسے پہنچیں؟ (رستہ): وادیِ تیراہ پہنچنے کے دو اہم اور پکے راستے موجود ہیں:
- پشاور اور باڑہ کا راستہ: پشاور سے رِنگ روڈ کے ذریعے باڑہ اور ڈوگرہ سے ہوتے ہوئے 3 سے 4 گھنٹے میں تیراہ پہنچا جا سکتا ہے۔
- براستہ کوہاٹ اور اورکزئی: جنوبی اضلاع کے سیاحوں کے لیے کوہاٹ سے اورکزئی (گلجو اور اورکزئی بالا) کے خوبصورت پہاڑی راستے سے ہوتے ہوئے بھی میدانِ تیراہ میں داخل ہوا جا سکتا ہے۔
- قیام اور طعام (Night Stay & Food): چونکہ یہاں ابھی کمرشل ہوٹلنگ کا رجحان موجود نہیں ہے، اس لیے سیاحوں کے لیے مقامی انتظامیہ اور پولیس کے ریسٹ ہاؤسز دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ پختون کلچر کے تحت مقامی لوگ اپنے روایتی ‘حجروں’ میں بھی سیاحوں کو نہایت گرم جوشی سے ٹھہراتے ہیں۔ اگر آپ کیمپنگ کے شوقین ہیں تو تیراہ کے سرسبز میدان کیمپنگ کے لیے جنت سے کم نہیں۔
2. کندیا ویلی (انڈس کوہستان) — شاہراہِ ریشم پر چھپا قدرتی شاہکار
شاہراہِ ریشم (Karakoram Highway) پر سفر کرتے ہوئے زیادہ تر لوگ سیدھا گلگت یا ہنزہ کی طرف نکل جاتے ہیں، لیکن ضلع انڈس کوہستان میں داسو کے مقام سے ایک راستہ اندر کی طرف مڑتا ہے جو آپ کو وادیِ کندیا (Kandia Valley) لے جاتا ہے۔ یہ وادی اتنی حیرت انگیز اور پرسکون ہے کہ پہلی بار دیکھنے والا شخص دنگ رہ جاتا ہے۔
وادیِ کندیا اپنے بلند و بالا برف پوش پہاڑوں، غرش کرتے ہوئے ( غرش کرتے ندی نالے = شور مچاتے اور تیز بہتے ہوئے نالے) ندی نالوں اور پائن کے قدیم جنگلات کی وجہ سے مشہور ہے۔ اس وادی کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہاں کی مقامی آبادی نے اپنی قدرتی ماحول اور ثقافت کو آج بھی سنبھال کر رکھا ہوا ہے۔

- موسم: مئی سے لے کر اکتوبر تک کندیا کی سیر کے لیے بہترین وقت ہے۔ ان مہینوں میں وادی کا سبزہ اپنے عروج پر ہوتا ہے۔
- رستہ: اسلام آباد یا پشاور سے پہلے بشام اور پھر داسو پہنچنا پڑتا ہے۔ داسو سے آگے وادیِ کندیا میں داخل ہونے کے لیے آپ کو 4×4 جیپ کی ضرورت پڑے گی، کیونکہ کچھ مقامات پر راستے کچے اور پتھریلے ہیں۔
- قیام کی سہولیات: داسو شہر میں چھوٹے ہوٹل اور گیسٹ ہاؤسز موجود ہیں۔ وادی کے اندر مقامی لوگوں کے ہوم اسٹے یا کیمپنگ ہی بہترین آپشن ہیں۔ کوہستان کے لوگوں کی مہمان نوازی اور سیاحوں کا احترام اس سفر کو مزید یادگار بنا دیتا ہے۔
3. وادیِ ارکاری (ضلع چترال) — گرم چشمے اور گلیشیئرز کی سرزمین
چترال کا نام ذہن میں آتے ہی سیاحوں کے ذہن میں ہمیشہ وادیِ کالاش، شندور یا گرم چشمہ کے نام آتے ہیں۔ لیکن چترال شہر کے قریب ہی واقع وادیِ ارکاری (Arkari Valley) ایک ایسا انمول راز ہے جس تک ابھی بہت کم سیاحوں کی نظر پہنچی ہے۔
ارکاری وادی ترچ میر (ہندوکش کی سب سے اونچی چوٹی) کے دامن میں واقع ہے، جس کی وجہ سے یہاں سے ہندوکش کے عظیم گلیشیئرز کا نظارہ بالکل قریب سے ہوتا ہے۔ یہ وادی اپنے قدرتی گرم چشموں (Hot Springs) کے لیے بھی دنیا بھر میں مشہور ہے، جہاں کا پانی مختلف معدنیات سے بھرپور ہے اور جلد کی بیماریوں کا تریاق (علاج) سمجھا جاتا ہے۔

- موسم: جون، جولائی اور اگست کے مہینے یہاں آنے کے لیے سب سے موزوں ہیں۔ گرمیوں کے موسم میں بھی رات کے وقت یہاں ہلکی جرسی یا جیکٹ کی ضرورت پڑتی ہے۔
- رستہ: چترال مین شہر سے تقریباً 2 سے 3 گھنٹے کی جیپ ڈرائیو کے ذریعے وادیِ ارکاری پہنچا جا سکتا ہے۔ رستہ سنسنی خیز اور اونچے پہاڑوں کے بیچ سے گزرتا ہے۔
- قیام اور مقامی کھانے: وادی میں مقامی لوگوں نے سیاحوں کے لیے ‘ہوم اسٹے’ (Home-stays) کا بہترین نظام قائم کیا ہے۔ یہاں قیام کے دوران آپ کو روایتی چترالی کھانے (جیسے تکالو، چترالی پیتا اور دیسی گھی کے پکوان) چکنے کا موقع ملتا ہے، جو آپ کے سفر کا لطف دوبالا کر دیتے ہیں۔
4. سیرن ویلی اور منڈہی (ضلع مانسہرہ) — ناران کا پرسکون متبادل
اگر آپ ہزارہ ڈویژن کا سفر کرنا چاہتے ہیں لیکن ناران اور کاغان کے بے پناہ رش سے بچنا چاہتے ہیں، تو مانسہرہ سے شاہراہِ ریشم کو چھوڑ کر سیرن ویلی (Siren Valley) کا رخ کریں۔ سیرن ندی کے ساتھ ساتھ پھیلی یہ وادی اتنی دلکش ہے کہ اسے ‘ہزارہ کا چھپا ہوا ہیرا’ کہا جاتا ہے۔
سیرن ویلی کے اخری گاؤں ‘منڈہی’ (Mundhi) اور ‘دادار’ کے مقامات پر جو سبزہ، آبشاریں اور کھلے میدان نظر آتے ہیں، وہ ناران کے کسی بھی مشہور پوائنٹ سے مقابلے میں کم نہیں ہیں۔ خاص طور پر سیرن ندی کا شفاف پانی اور اس کے کنارے پرانے درختوں کا سایہ پکنک کے لیے بہترین ہے۔

- موسم: سیرن ویلی کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہاں سال کے 12 مہینے موسم خوشگوار رہتا ہے۔ گرمیوں میں شدید تپش سے نجات ملتی ہے جبکہ بہار کے موسم میں پوری وادی رنگ برنگے پھولوں سے ڈھک جاتی ہے۔
- رستہ: مانسہرہ شہر سے شنکیاری اور بفہ (Baffa) کے راستے پکی سڑک سیدھی سیرن ویلی کی طرف جاتی ہے۔ پشاور یا اسلام آباد سے کار کے ذریعے آسانی سے 4 سے 5 گھنٹے میں منڈہی اور سیرن ویلی پہنچا جا سکتا ہے۔۔
- قیام: دادار کے مقام پر محکمہ جنگلات (Forest Department) کا تاریخی اور خوبصورت ریسٹ ہاؤس موجود ہے (جس کی بکنگ پیشگی کروائی جا سکتی ہے)۔ اس کے علاوہ مقامی سطح پر چند پرائیویٹ گیسٹ ہاؤسز اور کیمپنگ سائٹس بھی میسر ہیں، جہاں مناسب قیمت پر رہائش اور کھانا مل جاتا ہے۔۔
5. آلائی ویلی (ضلع بٹگرام) — اونچے سرسبز میدان اور کیمپنگ کی جنت
ضلع بٹگرام کے بالکل شمال میں واقع وادیِ آلائی (Allai Valley) اپنے وسیع اور اونچے سرسبز میدانوں (Meadows) کی وجہ سے پہچانی جاتی ہے۔ یہ وادی سمندر کی سطح سے کافی بلندی پر واقع ہے، جس کی وجہ سے یہاں ہر وقت ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہتی ہیں۔
وادیِ آلائی میں ‘چور گھاٹی’ اور ‘پشتو’ کا علاقہ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے بے مثال ہے جو ہائیکنگ، ٹریکنگ اور رات کو ستارے دیکھتے ہوئے کیمپنگ کرنے کا شوق رکھتے ہیں۔ یہاں کے نیلے آسمان اور سرسبز پہاڑی ڈھلوانیں ذہن کو ایک عجیب سا سکون فراہم کرتی ہیں۔

- موسم: جون سے ستمبر تک آلائی ویلی کی سیر کا سب سے بہترین وقت ہے۔
- رستہ: شاہراہِ ریشم (Karakoram Highway) پر تھاکوٹ پل کے پاس سے وادیِ آلائی کے لیے راستہ الگ ہوتا ہے۔ وہاں سے پکی لیکن ڈلوان پہاڑی سڑک کے ذریعے تقریباً 1.5 سے 2 گھنٹے کے سفر کے بعد آپ آلائی کے مرکزی بازار (بنا / Bana) پہنچ جاتے ہیں۔۔
- قیام: آلائی کے اہم بازاروں میں چھوٹے مقامی ہوٹل میسر ہیں، تاہم اگر آپ فطرت کو قریب سے محسوس کرنا چاہتے ہیں، تو اپنے ساتھ کیمپنگ کا سامان (Tents) لے کر جائیں اور سرسبز میدانوں میں رات بسر کریں۔
سیاحوں کے لیے چند اہم ہدایات اور احتیاطی تدابیر
چونکہ یہ تمام وادیاں ابھی سیاحت کے ابتدائی مراحل میں ہیں اور یہاں بڑی تجارتی سہولیات کا فقدان ہے، اس لیے سفر پر نکلنے سے پہلے درج ذیل باتوں کا خاص خیال رکھیں:

- کیپیسٹی اور فیول (Fuel): ان وادیوں میں داخل ہونے سے پہلے اپنے شہر یا آخری بڑے ٹاؤن سے گاڑی کی ٹینکی فل کروا لیں، کیونکہ آگے جا کر پٹرول پمپ کم ملتے ہیں۔
- نقد رقم (Cash): ان علاقوں میں ATMs کی سہولت نہ ہونے کے برابر ہے اور نہ ہی آن لائن کارڈ پیمنٹ چلتی ہے، اس لیے اپنے ساتھ ضرورت کے مطابق مناسب کیش رکھیں۔
- مقامی کلچر کا احترام: پختونخوا کے ان روایتی علاقوں میں مقامی رواج اور پردے کا بہت خیال رکھا جاتا ہے۔ مقامی لوگوں یا خواتین کی تصاویر ان کی اجازت کے بغیر ہرگز نہ بنائیں۔
- ماحول دوست سیاحت (Eco-Tourism): ان اچھوتی وادیوں کی پاکیزگی کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اپنا کچرا، پلاسٹک کی بوتلیں اور شاپر کسی بھی صورت وہاں نہ چھوڑیں بلکہ واپس لاتے وقت کسی ڈسٹ بن میں پھینکیں۔
خلاصہ:
خیبر پختونخوا صرف سوات یا ناران تک محدود نہیں ہے۔ اگر آپ اس بار سفر میں کچھ نیا دیکھنا چاہتے ہیں اور پرسکون یادیں سمیٹنا چاہتے ہیں، تو ان میں سے کسی بھی ایک وادی کا انتخاب کریں اور فطرت کا ایک نیا روپ دیکھیں۔