کسی بھی کاروبار چاہے آنلائن ہو یا روایتی، کی کامیابی کا انحصار بیچنے والی مصنوعات ( Selling Products) پر ہوتا ہے، پراڈکٹ کی کوالٹی جتنی اچھی اور قیمت میں مناسب ہوگی اتنا ہی کلائنٹس کیلئے پر کشش ثابت ہوگی۔
اس E-Commerce Business Product Sourcing کے مطابق، پراڈکٹ سورسنگ سے مراد اپنے کاروبار کے لیے مناسب مصنوعات تلاش کرنا، قابلِ اعتماد سپلائر منتخب کرنا، قیمت اور معیار کی جانچ کرنا اور مصنوعات کو اپنے ملک تک منگوانے کا مکمل عمل ہے۔

آج کے دور میں یہ ہنر باقاعدہ ایک انڈسٹری کا روپ اختیار کر چکا ہے اور صرف اسی ایک اسکل سے ہی ہزاروں لاکھوں لوگ اپنی زندگی بدل رہے ہیں۔
اگر آپ پاکستان میں نیا آن لائن بزنس شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں یا پہلے سے ہی اپنی ویب سائٹ، سوشل میڈیا یا دکان کے ذریعے مختلف مصنوعات فروخت کر رہے ہیں، اور ملک میں ہی موجود سپلائرز سے مال خرید رہے ہیں تو آپکے منافع کا مارجن کم ہو جاتا ہے۔
اس لئے بیرونِ ملک سے مال امپورٹ کرنا آپ کے منافع اور کاروباری ترقی کا ایک بہترین ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔
چین اور دیگر ممالک میں بہت سی کمپنیاں جومختلف مصنوعات بڑی تعداد میں تیار کرکے ایکسپورٹ کرتی ہیں، سے براہِ راست خریداری کے ذریعے مقامی مارکیٹ کے مقابلے میں کم قیمت پر مصنوعات حاصل کی جا سکتی ہیں، تاہم اس کا انحصار مصنوعات کی قسم، آرڈر کی مقدار، معیار، شپنگ، کسٹم ڈیوٹی اور دیگر اخراجات پر بھی ہوتا ہے۔
علی بابا جیسی ویب سائٹس کے ذریعے سپلائر تک رسائی نسبتاً آسان ہو گئی ہے، لیکن وہاں صرف کم قیمت دیکھ کر آرڈر دینا مناسب نہیں۔ سپلائر کی ساکھ، مصنوعات کا معیار، کم از کم آرڈر کی مقدار، ادائیگی کا طریقہ اور پاکستان میں درآمد کے اخراجات کو سمجھنا بھی بہت ضروری ہے۔
یہ گائیڈ نئے کاروباری افراد کو مصنوعات کی تلاش سے لے کر مال وصول کرنے تک کے بنیادی مراحل کو سمجھنے میں مدد دے گی۔
E-Commerce Business Product Sourcing Guide: کاروبار میں مصنوعات کی سورسنگ کا کردار
کسی بھی کاروبار میں مصنوعات کی خریداری ایک کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ اگر کاروباری شخص مناسب قیمت پر معیاری مصنوعات حاصل کرلے تو وہ اپنی فروخت، منافع اور گاہکوں کے اعتماد کو بہتر انداز میں حاصل کر سکتا ہے۔
Product Sourcing کے ذریعے کاروباری افراد:

- مقامی مارکیٹ کے علاوہ عالمی سپلائرز سے بھی مصنوعات تلاش کر سکتے ہیں۔
- مختلف کمپنیوں کی قیمتوں اور معیار کا موازنہ کر سکتے ہیں۔
- اپنی ضرورت کے مطابق مصنوعات منتخب کر سکتے ہیں۔
- بڑی مقدار میں خریداری کے لیے قیمت پر بات چیت کر سکتے ہیں۔
- اپنے برانڈ کے نام سے مصنوعات تیار کروانے کے امکانات دیکھ سکتے ہیں۔
- ایسی مصنوعات تلاش کر سکتے ہیں جو مقامی مارکیٹ میں کم دستیاب ہوں۔
تاہم بیرونِ ملک سے خریداری میں کچھ خطرات کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔ یعنی غلط سپلائر، مصنوعات کا ناقص معیار، تاخیر سے ترسیل، اضافی اخراجات یا درآمدی ضوابط سے واقفیت نا ہونا کاروبار کو نقصان بھی پہنچا سکتی ہے۔
کم بجٹ میں ای کامرس شروع کرنے کے لیے خیبر پختونخوا کے یہ کاروباری آئیڈیاز دیکھیں۔
اسی لیے خریداری سے پہلے اسکی مکمل منصوبہ بندی آپ کو بہت سی پریشانیوں اور مسائل سے بچا سکتی ہے۔
Alibaba Product Sourcing
Alibaba کا نام بین الاقوامی سطح پر کسی تعارف کا محتاج نہیں، یہ خریداروں اور سپلائرز کو آپس میں ملانے والا ایک معروف آنلائن پلیٹ فارم ہے۔ جس پر مختلف ممالک کی کمپنیاں اپنی مصنوعات، خام مال اور صنعتی سامان فروخت کیلئے پیش کرتی ہیں۔
کاروباری افراد یہاں سے قابل اعتماد سپلائرز تلاش کر کے قیمت، مقدار، معیار اور ترسیل سے متعلق مکمل معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
علی بابا پر مختلف نوعیت کے سپلائرز موجود ہوتے ہیں۔ بہت سی کمپنیاں خود اپنی مصنوعات تیار کرتی ہیں، جبکہ بعض تجارتی کمپنیاں مختلف فیکٹریوں سے مصنوعات خرید کر آگے فروخت کرتی ہیں۔
دونوں صورتوں میں سپلائر کی نوعیت سمجھنا ضروری ہے، کیونکہ اس سے قیمت، حسبِ ضرورت تیاری اور آرڈر کی شرائط متاثر ہو سکتی ہیں۔
علی بابا پر مصنوعات تلاش کرنے کا طریقہ
سب سے پہلے اپنی مطلوبہ مصنوعات کا نام جس کو ٹیکنیکل زبان میں کی ورڈ کہا جاتا ہے، کو انگریزی میں سرچ کریں۔ اس کی سادہ مثال کہ اگر آپ موبائل فون کے کور خریدنا چاہتے ہیں تو سرچ بار میں“Mobile Phone Case” لکھ کر تلاش کر سکتے ہیں۔
- مصنوعات کی تصاویر اور انکی فراہم کردہ تفصیلات
- فی یونٹ قیمت یا قیمت کی حد
- کم از کم آرڈر کی مقدار (MOQ)
- دستیاب رنگ، سائز اور ماڈل
- تیاری یا ترسیل کا متوقع وقت
- سپلائر کی کمپنی کی معلومات (ویریفائیڈ ہے یا نہیں)
- نمونہ حاصل کرنے کی سہولت
- حسبِ ضرورت ڈیزائن یا پیکجنگ کی دستیابی
ایک ہی پراڈکٹ کے لیے متعدد سپلائرز سے رابطہ کریں۔ اور صرف کم قیمت کو بنیاد بنا کے خریداری نا کریں، کیونکہ قیمتوں کا انحصار معیار، مقدار، پیکجنگ یا ترسیل کی شرائط پر ہوتا ہے۔
علی بابا پر سپلائر سے رابطہ کیسے کریں؟
پراڈکٹ پسند کرنے کے بعد اسکے سپلائر کو واضح پیغام بھیجیں۔ جس میں اپنی مطلوبہ پراڈکٹ، اسکی مقدار، معیار، رنگ، پیکجنگ اور ڈلیوری کی لوکیشن کا ذکر لازمی کریں۔ اگر آپ کواس پراڈکٹ کا نمونہ درکار ہے تو اس کی قیمت اور ترسیل کے اخراجات بھی پوچھے جا سکتے ہیں۔

سپلائر سے بات کرتے ہوئے یہ چیزیں پوچھی جا سکتی ہیں:
- کیا آپ خود مصنوعات تیار کرتے ہیں یا کسی دوسری کمپنی سے خریدتے ہیں؟
- کم از کم آرڈر کی مقدار کتنی ہے؟
- کیا ایک یا چند نمونے منگوائے جا سکتے ہیں؟
- مصنوعات پر اپنا برانڈ یا لوگو لگونے کیلئے پراڈکٹ کو کتنی مقدار میں خریدنا پڑے گا؟
- آرڈر تیار ہونے میں کتنا وقت لگے گا؟
- کیا آپ پاکستان تک شپنگ کا انتظام کرتے ہیں؟
- قیمت میں پیکجنگ اور دیگر اخراجات شامل ہیں یا الگ؟
- ادائیگی کے لئے کون سے طریقے دستیاب ہیں؟
اس سپلائر کے جوابات کو اپنے پاس محفوظ رکھیں اور دیگر کمپنیوں سے موصول شدہ معلومات کے بعد ان کا تفصیلی موازنہ کریں۔
مختلف کمپنیوں سے حاصل شدہ جوابات کو ریکارڈ میں رکھیں اور ان کی جانب سے پیش کردہ آفرز کا تفصیلی موازنہ کریں۔
اگرچہ جامع اور شفاف معلومات فراہم کرنے والے تمام سپلائر کے ساتھ کاروباری معاملات طے کرنا نسبتاً آسان ہوتا ہے، تاہم محض تیز رفتار رابطے یا دلکش تصاویر کو بنیاد بنا کر اس کی پیشہ ورانہ ساکھ یا قابلِ اعتماد ہونا حتمی نہیں بن سکتا۔
China Product Sourcing
چین کا شمار دنیا کی بہت بڑی صنعتی منڈیوں میں ہوتا ہے، جو الیکٹرانکس، گھریلو استعمال کی اشیا، کپڑے، فیشن مصنوعات، پیکجنگ، مشینری اور بہت سے دیگر شعبوں میں مصنوعات تیار کرتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ دنیا کے اکثر کاروباری افراد چین سے مصنوعات خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
چین سے خریداری کے لیے علی بابا کے علاوہ بھی متعدد پلیٹ فارم موجود ہیں۔ یاد رہے کہ ہر پلیٹ فارم کا کاروباری ماڈل، زبان، خریداری کی نوعیت اور آرڈر کا طریقہ کار مختلف ہو سکتا ہے۔
1. Alibaba
علی بابا عموماً بین الاقوامی کاروباری خریداروں ( whole sellers)کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ یہاں مختلف مصنوعات کے سپلائرز سے رابطہ، قیمت معلوم کرنا، بڑی مقدار میں آرڈر دینا اور بعض مصنوعات کے لیے حسبِ ضرورت تیاری کی درخواست کرنا ممکن ہوتا ہے۔
لیکن یہ بات ذہن نشین رہے کہ علی بابا پہ ایک یا چھوٹی کوانٹٹی میں خریداری دستیاب نہیں اسلئے سپلائر سے کم از کم خریداری کی مقدار کی کنفرمیشن لازمی کر لیں۔
2. AliExpress
AliExpress کا شمار بھی ایک بڑے کاروباری پلیٹ فارم میں ہوتا ہے ، یہ عموماً ان خریداروں کے لیے استعمال ہوتا ہے جو کم مقدار میں کوئی پراڈکٹ خریدنا چاہتے ہیں۔ نئے کاروباری افراد کسی بھی چیز کا نمونہ یا محدود تعداد منگوا کر اس کی مارکیٹ ڈیمانڈ چیک کر سکتے ہیں۔
تاہم علی ایکسپریس (AliExpress) پر درج عام قیمتیں بلک یعنی بڑی مقدار میں خریداری کے لیےنہیں ہوتیں۔ بلکہ ایک یا چھوٹی مقدار کی خریداری کیلئے ہوتی ہیں۔
چنانچہ اگر آپ کو سینکڑوں یا ہزاروں کی تعداد میں یونٹس خریدنےہوں، تو رعایتی ہول سیل ریٹ حاصل کرنے کے لیے سپلائر سے براہِ راست رابطہ کر کے قیمت کا تعین ضروری ہے۔
3. Made-in-China
Made-in-China بھی ایک بڑے پلیٹ فارم میں شمار ہوتا ہے جہاں مختلف چینی مینوفیکچررز اور سپلائرز کی مصنوعات کو تلاش کیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ صنعتی سامان، مشینری، تعمیراتی مصنوعات اور دیگر کاروباری اشیا کی خریداری میں دلچسپی رکھتے ہیں تو آپ کے لیے یہ پلیٹ فارم مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
4. Global Sources
یہ ایک اور اہم کاروباری پلیٹ فارم ہے جہاں مختلف مصنوعات کے سپلائرز با آسانی تلاش کیے جا سکتے ہیں۔
یہاں آپ الیکٹرانکس، فیشن، گفٹ آئٹمز اور دیگر شعبوں سے وابستہ دستیاب سپلائرز کا تفصیلی جائزہ لے سکتے ہیں۔
5. 1688
1688.com چین کی مقامی کاروباری مارکیٹ کے لیے استعمال ہونے والا ایک بڑا اور ہول سیل پلیٹ فارم ہے۔ یہاں بعض مصنوعات کی قیمتیں بین الاقوامی پلیٹ فارمز کے مقابلے میں انتہائی کم ہوتی ہیں، لیکن یہاں آپ کو زبان، ادائیگی، مقامی ترسیل اور بین الاقوامی شپنگ کے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
اگر آپ چین میں موجود کسی ایجنٹ یا لاجسٹکس کمپنی کے ذریعے خریداری کرتے ہیں تو اس کی فیس، ذمہ داریوں اور ادائیگی کا طریقہ کار پہلے سےطے کریں۔
Wholesale Suppliers
ہول سیل سپلائرز ایسا کاروباری ادارہ ہوتا ہے جو مصنوعات کو بڑی مقدار میں فروخت کرتا ہے۔ Product Sourcing کے دوران ایسے سپلائرز کی تلاش بہت ضروری ہے جو آپ کی مطلوبہ مقدار، معیار اور قیمت کے مطابق سامان سپلائی کر سکیں۔
مینوفیکچرر اور ٹریڈنگ کمپنی میں فرق
مینوفیکچرر: وہ کمپنی جو بیچنے والی مصنوعات اپنی فیکٹری یا پیداواری یونٹ میں تیار کرتی ہے۔ بعض مینوفیکچررز صرف بڑی مقدار کے آرڈر لیتے ہیں اور اس کیلئے حسبِ ضرورت ڈیزائن یا پیکجنگ بھی فراہم کر سکتے ہیں۔
ٹریڈنگ کمپنی: ایسا کاروباری ادارہ جو مختلف فیکٹریوں سے بڑی مقدار میں مصنوعات خرید کر آگے منافع پر فروخت کرتا ہے۔ ان کے پاس مختلف اقسام کی مصنوعات دستیاب ہو سکتی ہیں۔
یہ بات یاد رکھیں کہ مینوفیکچررز کی قیمت ہمیشہ سب سے کم قیمت نہیں ہو سکتی یا ٹریڈنگ کمپنی ہمیشہ مہنگی ثابت ہو۔ کیونکہ قیمت کا انحصار آرڈر کی مقدار، معیار، مصنوعات کی نوعیت اور کاروباری شرائط پر ہوتا ہے۔
سپلائر کی جانچ کیسے کریں؟
آرڈر کی کنفرمیشن سے پہلے سپلائر کے بارے میں دستیاب کن معلومات کی تصدیق ضروری ہے:
- کمپنی کا نام، پتہ اور رابطے کی تفصیلات دیکھیں۔
- پلیٹ فارم پر موجود کمپنی کی تصدیقی معلومات(Verified Status) کا جائزہ لازمی لیں۔
- مصنوعات کی واضح تصاویر اور تفصیلات طلب کریں۔
- ممکن ہو تو ویڈیو کال پر فیکٹری یا مصنوعات دیکھیں، لیکن یہ بہت بڑی خریداری پہ ممکن ہو سکتا ہے ویسے نہیں۔
- سپلائر سے سابقہ آرڈرز یا کاروباری حوالوں کے بارے میں پوچھیں، عام طور پہ سپلائر کے پروفائل میں اسکا ذکر ہوتا ہے۔
- قیمت، مقدار، معیار اور ترسیل کی شرائط تحریری شکل میں لیں۔
- بڑی رقم بھیجنے سے پہلے اشیاء کا نمونہ یا محدود آرڈر پر غور کریں۔
آن لائن تصدیقی نشان یا کمپنی کی پروفائل مفید معلومات پہ مبنی ہو سکتی ہے، لیکن یہ ہر صورت میں معیار یا کامیاب ترسیل کی ضمانت نہیں ہوتی۔
Product Sourcing Agent کیا ہے؟
Product Sourcing Agent ایسا فرد یا کمپنی ہوتی ہے جو خریدار کی طرف سے سپلائر تلاش کرنے، قیمت چیک کرنے، نمونے حاصل کرنے، مطلوبہ پراڈکٹ کی جانچ، آرڈر کی نگرانی یا شپنگ کے انتظام میں مدد دیتی ہے۔
چین سے خریداری کرنے والے ایسے تمام افراد کے لیے ایجنٹ مددگار ہو سکتا ہے جنہیں چینی زبان، مقامی مارکیٹ، فیکٹریوں یا لاجسٹکس کے طریقہ کار کا تجربہ نا ہو۔
تاہم، ایجنٹ رکھنے سے پہلے یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ وہ کتنا قابل اعتماد ہے اسکے بعد اسکی خدمات کا تعین اور فیس واضح کرنا ضروری ہے۔
ایجنٹ کی خدمات میں کیا شامل ہو سکتا ہے؟
- مطلوبہ مصنوعات کے سپلائرز تلاش کرنا
- مختلف سپلائرز کی قیمتوں کا موازنہ
- نمونے منگوانے میں مدد
- مصنوعات یا پیکجنگ کی جانچ
- آرڈر کی تیاری کی نگرانی
- مختلف سپلائرز کا مال ایک جگہ جمع کرنا
- شپنگ کمپنی سے رابطہ اور ترسیل کا انتظام
ہر ایجنٹ یہ تمام خدمات فراہم نہیں کرتا۔ اسلئے کسی سے بھی معاہدہ کرنے سے پہلے تحریری طور پر معلوم کرلیں کہ وہ کون سی خدمات فراہم کرے گا، مطلوبہ فیس کتنی ہوگی، اور کسی نقصان یا تاخیر کی صورت میں اس کی ذمہ داری کیا ہوگی۔
ایجنٹ منتخب کرتے وقت احتیاط
ایجنٹ کو منتخب کرنے سے پہلے اس کی مکمل شناخت، کاروباری تجربہ، سابقہ کام کی تفصیلات اور ادائیگی کی شرائط کی لازمی پڑتال کر لیں۔
اگر وہ ایجنٹ متعلقہ سپلائر سے کمیشن بھی لیتا ہے تو اس بارے میں ایجنٹ سے واضح معلومات طلب کریں۔ یہ بھی طے کرنا بہت ضروری ہے کہ خریدی گئی تمام مصنوعات کی ادائیگی براہِ راست سپلائر کو کی جائے گی یا اس ایجنٹ کے ذریعے ہوگی ۔
چین میں عام لوگوں اور سپلائرز کی ساری بات چیت انکی لوکل ایپ We Chatکے زریعے ہوتی ہے اس لئےکسی نامعلوم شخص کو صرف سوشل میڈیا پیج یا واٹس ایپ رابطے کی بنیاد پر بڑی رقم کی منتقلی سے گریزکریں۔
مصنوعات کا انتخاب کیسے کریں؟
مصنوعات کے انتخاب سے پہلے اپنی لوکل مارکیٹ پہ ریسرچ کر لیں۔لوگوں کا ٹرینڈ دیکھنا ایک کامیاب کاروباری فرد کی نشانی ہوتی ہے اور پیسوں کے ضیاع سے بھی بچاتا ہے۔
یاد ہے کہ ہر کم قیمت چیز منافع بخش نہیں ہوتی، اور ہر مقبول پراڈکٹ نئے کاروبار کے لیے موزوں نہیں ہوتی۔
مارکیٹ میں طلب معلوم کریں
اپنی لوکل مارکیٹ کا جائزہ لیں کہ آپ کی مطلوبہ پراڈکٹ کے خریدار کون ہو سکتے ہیں، اس کی سیلنگ پرائس کیا ہے، اور مقامی مارکیٹ میں کتنے کاروبار اسی پراڈکٹ کو فروخت کر رہے ہیں۔ آن لائن مارکیٹ پلیسز، سوشل میڈیا پیجز اور مقامی دکانوں سے قیمتوں اور دستیابی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
مارکیٹ میں قابلے کا جائزہ لیں
اگر ایک ہی پراڈکٹ فروخت کرنے والے بہت سے سیلرز ہیں تو آپ کو اپنی قیمت، معیار، پیکجنگ، سروس یا کسی خاص خصوصیت کے ذریعے فرق پیدا کرنا ہوگا۔ صرف کم قیمت کی بنیاد پر مقابلہ کرنے سے منافع کم ہو سکتا ہے۔
مصنوعات کی نوعیت اور خطرات دیکھیں
الیکٹرانکس، بیٹریز، خوراک، کاسمیٹکس اور بچوں سے متعلق مصنوعات پر خصوصی حکومتی قوانین اور حفاظتی معیارات لاگو ہو سکتے ہیں۔ لہٰذا ایسی مصنوعات کی خریداری سے قبل ان کے کوالٹی سرٹیفکیٹس، قانونی اجازت نامہ اور کسٹم کی درآمدی شرائط کی مکمل تصدیق ضرور کر لیں۔
معروف کمپنیوں اور برانڈڈ اشیاء کی خریداری کے دوران جعلی یا غیر مجاز (کاپی) مصنوعات کے خطرے کو ہمیشہ مدنظر رکھیں۔
اس لئے کسی بھی برانڈ کا نام یا لوگو لگی مصنوعات امپورٹ کرنے اور فروخت کرنے سے قبل ان کے قانونی حقوق، کاپی رائٹ اور باقاعدہ ڈسٹری بیوشن کے اجازت نامے کی جانچ پڑتال لازمی کر لیں۔
نمونہ کی اہمیت
بلک (Bulk) میں آرڈر دینے سے پہلے مطلوبہ پراڈکٹ کا نمونہ حاصل کرنا ایک اہم مرحلہ ہے۔کیونکہ نمونے سے آپ کو اصل معیار، مواد، رنگ، سائز، پیکجنگ اور استعمال کا سہی اندازہ ہوجاتا ہے۔
نمونہ موصول ہونے کے بعد درج ذیل چیزیں ضرور چیک کریں:
- مصنوعات کی ساخت اور مواد بیان کردہ تفصیلات کے مطابق ہیں؟
- کیا رنگ، سائز اور وزن درست ہیں؟
- کیا مصنوعات صحیح طریقے سے کام کرتی ہے؟
- کیا پیکجنگ ترسیل کے دوران حفاظت فراہم کر سکتی ہے؟
- کیا مصنوعات کی تصاویر اور اصل چیز میں واضح فرق ہے؟
- کیا اسے مقامی مارکیٹ میں فروخت کرنا عملی طور پر ممکن ہے؟
اگریہ نمونہ مطلوبہ معیارکے مطابق نا ہو تو اسکے سپلائر سے تبدیلی یا دوسرے نمونے کی درخواست کریں۔ صرف اس وجہ سے اپنا آرڈرکنفرم نا کریں کہ نمونے کی قیمت ادا ہو چکی ہے۔
MOQ کیا ہے اور اس کا کاروبار پر کیا اثر ہوتا ہے؟
MOQ کا مطلب Minimum Order Quantity ہے، یعنی کسی سپلائرکی جانب سے آرڈر دینے کے لیےمقرر کردہ کم از کم مطلوبہ مقدار۔
اسکو ایسے سمجھتے ہیں کہ اگر کسی سپلائر کا MOQ ایک سو یونٹس ہے تو وہ اس سے کم مقدار کا آرڈر پہلے تو قبول نہیں کرے گا ، اور اگر کرےگا تو اس کم مقدار کیلئے فی یونٹ قیمت زیادہ وصول کرےگا۔
MOQ مصنوعات، سپلائر اور آرڈر کی نوعیت کے مطابق مختلف ہو سکتا ہے۔ اکثر سپلائرز نمونے یا محدود مقدار بھی فراہم کردیتے ہیں، لیکن حسبِ ضرورت تیار ہونے والی مصنوعات کے لیے زیادہ مقدار درکار ہو سکتی ہے۔
نئے کاروباری افراد کے لئے آرڈر کی مقدار طے کرتے وقت اپنی سرمایہ کاری، ممکنہ طلب،سٹوریج کی جگہ اور مصنوعات کے فروخت ہونے کے وقت کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
صرف فی یونٹ قیمت کم کرنے کے لیے ضرورت سے زیادہ مال خریدنا سرمایہ کو غیر ضروری حد تک لمبے وقت تک روک سکتا ہے۔
سپلائر سے قیمت اور شرائط کی بات چیت
سپلائر سے قیمت کی تفصیلات لیتے وقت صرف فی یونٹ قیمت کا نا پوچھیں۔ بلکہ مکمل آرڈر کی شرائط کو بھی لازمی سمجھیں۔
قیمت پر بات چیت کرتے ہوئے یہ معلومات حاصل کریں:
- مختلف مقداروں کے لیے فی یونٹ قیمت
- MOQ اور مقدار بڑھانے پر ممکنہ رعایت
- نمونے کی قیمت
- حسبِ ضرورت ڈیزائن یا لوگو کی فیس
- پیکجنگ کے اخراجات
- آرڈر تیار ہونے کا مکمل وقت
- ادائیگی کا طریقہ اور شیڈول
- شپنگ کی شرائط اور ذمہ داری
- خراب یا غلط مصنوعات کی صورت میں حل
سپلائر سے ہر اہم شرط کو تحریری طور پر منظور کروائیں۔ اسکے علاوہ اگر آرڈر میں رنگ، سائز، مواد، لوگو یا پیکجنگ کی خاص ضروریات ہیں تو انہیں واضح طور پر درج کروالیں۔
Alibaba Trade Assurance اور ادائیگی میں احتیاط
علی بابا پر مخصوص آرڈرز پہ Trade Assurance جیسی سہولت دستیاب ہوتی ہے، جس کے تحت آرڈر کی شرائط اور ادائیگی کے تحفظ سے متعلق مخصوص طریقہ کار لاگو ہوتا ہے۔
لیکن اس سہولت کی حدود، اہلیت اور شرائط آرڈر کے مطابق مختلف ہو سکتی ہیں۔
ادائیگی سے پہلے:
- آرڈر کی تفصیل اور شرائط دوبارہ پڑھیں۔
- مصنوعات، مقدار، معیار اور ترسیل کا وقت درست درج کریں۔
- ادائیگی کے لیے پلیٹ فارم پر دستیاب محفوظ طریقہ استعمال کرنے کی شرائط سمجھیں۔
- سپلائر کی جانب سے پلیٹ فارم سے باہر ادائیگی کے مطالبے پر احتیاط کریں۔
- رسید، انوائس، گفتگو اور آرڈر کی تمام تفصیلات محفوظ رکھیں۔
کسی بھی تحفظ کی سہولت کو مکمل ضمانت نا سمجھیں۔ ادائیگی سے پہلے متعلقہ پلیٹ فارم کی موجودہ شرائط پڑھیں اور چیک کریں کہ کسی تنازع کی صورت میں کون سی دستاویزات کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
چین سے پاکستان مصنوعات منگوانے کا طریقہ
پاکستان میں مصنوعات کی درآمدکے لیے صرف سپلائر کو آرڈر دینا کافی نہیں۔کیونکہ مصنوعات کی نوعیت، انکی مقدار، کسٹم کی درجہ بندی، درآمدی پالیسی اور متعلقہ اداروں کی وضح کردہ شرائط بھی اہم ہوتی ہیں۔

1. مصنوعات کی درآمدی شرائط معلوم کریں
آرڈر دینے سے پہلے اس بات کی تصدیق کرلیں کہ مطلوبہ مصنوعات کی پاکستان میں درآمد کی اجازت ہے یا نہیں۔ مخصوص قسم کی مصنوعات کے لیے اجازت نامہ، معیار کی منظوری، سرٹیفکیٹ یا دیگر دستاویزات درکار ہو سکتی ہیں۔
2. کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس معلوم کریں
درآمدی اخراجات مصنوعات کی کسٹم کی درجہ بندی، مالیت اور نافذ قوانین کے مطابق مختلف ہو سکتے ہیں۔ اس لیے صرف سپلائر کی قیمت دیکھ کر منافع کا اندازہ لگانا درست نہیں۔ بلکہ اپنے آرڈر سے پہلے کسٹم ڈیوٹی، قابلِ اطلاق ٹیکس اور کلیئرنس کے ممکنہ اخراجات بھی چیک کرلیں۔
3. شپنگ کا طریقہ کار
مصنوعات کی مقدار، وزن، حجم، قیمت اور وقت کے مطابق شپنگ کے طریقے کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔
ایئر کارگو: عموماً کم وزن یا نسبتاً فوری ضرورت کیلئے ترسیل میں استعمال ہوتا ہے، لیکن فی کلو خرچ زیادہ ہو تا ہے۔
سی کارگو: یہ بہت مقبول اور کم خرچ طریقہ بڑی یا بھاری کھیپ کے لیے استعمال ہو تا ہے۔ اس میں ترسیل کا وقت زیادہ ہو تا ہے اور بندرگاہ، کلیئرنس اور دیگر اخراجات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
کورئیر سروس: بعض چھوٹے پارسل یا نمونوں کے لیے موزوں ہو سکتی ہے۔ قیمت اور دستیابی مصنوعات اور منزل کے مطابق چیک کرنی ضروری ہے۔
4. شپنگ کی شرائط سمجھیں
سپلائرز یا شپنگ کمپنی سے یہ معلوم کرنا ضروری ہے کہ قیمت میں کون کون سے اخراجات شامل ہیں اور کون سے خریدارپہ واجب الادا ہوں گے۔
بین الاقوامی تجارت میں شپمنٹ کیلئے مختلف شرائط استعمال ہوتی ہیں، جن کے تحت سامان کی ذمہ داری، خطرات اور اخراجات مختلف فریقوں پر منتقل ہوتے ہیں۔
تجارتی شرائط سمجھنے کے لیے صرف فنی اصطلاحات اور مخففات (جیسے FOB یا DDP) پر انحصار کرنے کے بجائے، سپلائر سے دو ٹوک انداز میں واضح کریں کہ سامان کس مقام تک پہنچایا جائے گا، کسٹم کلیئرنس کا ذمہ دار کون ہوگا، اور کسی بھی غیر متوقع اضافی اخراجات کی صورت میں مالی بوجھ کس پر آئے گا۔
5. درآمدی دستاویزات تیار رکھیں
درآمدی اشیاء کی کسٹم کلیئرنس کے لیے عموماً کمرشل انوائس، ان کی پیکنگ لسٹ، بل آف لیڈنگ (شپنگ دستاویزات) اور اشیاء کی نوعیت کے مطابق دیگر متعلقہ سرٹیفکیٹس درکار ہوسکتے ہیں۔
لیکن دستاویزات کی حتمی نوعیت اور قانونی تقاضوں کا دارومدار اشیاء کی قسم اور متعلقہ ملک کے کسٹم قوانین پر ہوتا ہے۔
آرڈر بھیجنے سے پہلے شپنگ کمپنی یا کسٹم کلیئرنگ ایجنٹ سے مطلوبہ دستاویزات کی فہرست لازمی حاصل کرلیں۔
مصنوعات کی اصل لاگت کیسے معلوم کریں؟
نئے کاروباری افراد اکثر صرف سپلائر کی فی یونٹ قیمت کو مکمل لاگت سمجھ لیتے ہیں، حالانکہ مصنوعات کو پاکستان میں وصول کرنے تک کئی اخراجات شامل ہو جاتے ہیں۔

کل لاگت میں یہ اخراجات شامل ہو تے ہیں:
- مصنوعات کی خریداری
- نمونے کی قیمت
- حسبِ ضرورت تیاری یا لوگو کی فیس
- پیکجنگ
- مقامی یا بین الاقوامی شپنگ
- انشورنس، اگر لاگو ہو
- کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس
- کلیئرنس اور ہینڈلنگ
- مقامی ترسیل
- خراب یا ناقابلِ فروخت مصنوعات کا ممکنہ نقصان
فی یونٹ لاگت کا طریقہ
فرض کریں آپ نے کچھ مصنوعات خریدلیں۔اب مصنوعات کی قیمت، شپنگ، ٹیکس اور دیگر اخراجات جمع کرنے کے بعد کل لاگت معلوم کریں۔ پھر کل لاگت کو قابلِ فروخت یونٹس پر تقسیم کریں۔
فی یونٹ لاگت = کل درآمدی لاگت ÷ قابلِ فروخت یونٹس
یہ حساب آپ کو اشیاء کی حقیقی لاگت کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے بعد قیمت فروخت طے کرتے وقت مارکیٹ کی قیمت، پلیٹ فارم فیس، پیکنگ، ڈیلیوری اور دیگر کاروباری اخراجات بھی شامل کریں۔
اپنی مصنوعات پر برانڈ کیسے بنوائیں؟
اگر آپ اپنے برانڈ نام یا آن لائن اسٹور کے تحت یہ مصنوعات فروخت کرنا چاہتے ہیں، تو سپلائرز سے پرائیویٹ لیبلنگ (Private Label) اور کسٹم مینوفیکچرنگ یعنی اپنی مرضی کی برانڈنگ اور پیکجنگ کے بارے میں بات چیت کر سکتے ہیں۔
مصنوعات پر اپنا نام، لوگو، پیکجنگ یا مخصوص ڈیزائن شامل کروانا ممکن ہو سکتا ہے۔ تاہم، ہر سپلائر یہ سہولت فراہم نہیں کرتا اور اس کے لیے آرڈر کی بڑی مقدار یا اضافی فیس درکار ہو سکتی ہے۔
برانڈنگ کا آرڈر دینے سے پہلے:
- لوگو اور ڈیزائن کی منظوری لیں۔
- پیکجنگ کا نمونہ دیکھیں۔
- نام یا لوگو کے استعمال کے حقوق کی تصدیق کریں۔
- تیار شدہ مصنوعات کی تصاویر یا نمونے حاصل کریں۔
- آرڈر کی مقدار اور اضافی اخراجات تحریری طور پر طے کریں۔
ابتدائی طور پر محدود پیمانے پہ مارکیٹ کی طلب جانچنا آپ کے لیے زیادہ موزوں ہو سکتا ہے، لیکن یہ فیصلہ مصنوعات اور اپنا دستیاب سرمایہ دیکھ کر کریں۔
Product Sourcing میں عام غلطیاں
بیرونِ ملک سے مصنوعات خریدتے وقت چند غلطیاں آپ کے کاروباری نقصان کا باعث بن سکتی ہیں۔
صرف کم قیمت کو ترجیح دینا
کم قیمت ہمیشہ بہتر منافع کی ضامن نہیں ہوتی۔ کیونکہ ناقص معیار، اضافی شپنگ اور دیگر کسٹم اخراجات کے بعد سستی مصنوعات مہنگی بھی پڑ سکتی ہیں۔
نمونے کے بغیر بڑا آرڈر دینا
سیمپل (نمونہ) چیک کیے بغیر بلک میں خریداری سے پروڈکٹ کے اصل معیار، سائز یا تکنیکی تفصیلات میں واضح فرق نکلنے کا شدید خطرہ رہتا ہے۔
سپلائر کی جانچ نہ کرنا
کمپنی کی معلومات، رابطے، شرائط اور سابقہ کاروباری تجربے کو چیک کیے بغیر رقم منتقل کرنا نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
مارکیٹ کی طلب کا جائزہ نہ لینا
مقامی مارکیٹ کی ریسرچ کے بغیر بڑی مقدار میں خریداری کے بعد مال کی طلب نا ہونے کی وجہ سے اسکی فروخت مشکل ہو سکتی ہے۔
درآمدی اخراجات نظرانداز کرنا
پروڈکٹ پر آنے والی تمام لاگتوں کا درست تخمینہ لگائے بغیر، محض اصل خریداری کی قیمت کو بنیاد بنا کر فروخت کی قیمت طے کرنا کاروبار میں بھاری مالی نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔
تحریری شرائط محفوظ نہ کرنا
مصنوعات کی تفصیل، مقدار، قیمت، پیکجنگ اور ترسیل کی شرائط تحریری طور پر محفوظ نا ہوں تو اختلاف کی صورت میں مسائل جنم لے سکتے ہے۔
نئے کاروباری افراد کے لیے مرحلہ وار منصوبہ
اگر آپ پہلی مرتبہ Product Sourcing کر کے کاروبار شروع کر رہے ہیں تو درج ذیل ترتیب اختیار کر سکتے ہیں:
- اپنی مارکیٹ ریسرچ کے زریعےممکنہ گاہکوں کا جائزہ لیں۔
- ایک یا چند مصنوعات کا انتخاب کریں۔
- مقامی فروخت کی قیمت اور مارکیٹ میں مقابلے کا صحیح جائزہ لیں۔
- مختلف پلیٹ فارمز پر سپلائرز تلاش کریں۔
- کم از کم تین یا چار سپلائرز سے قیمت اور شرائط کی تفصیلات لیں۔
- سپلائر کی معلومات اور مصنوعات کی تفصیل احتیاط سے چیک کریں۔
- ممکن ہو تو نمونہ لازمی حاصل کریں۔
- خریداری، شپنگ، ٹیکس اور دیگر اخراجات کا سہی حساب لگائیں۔
- اپنی سرمایہ کاری اور مارکیٹ کی گنجائش کے مطابق آرڈر کی مقدار طے کریں۔
- ادائیگی اور ترسیل کی شرائط تحریری طور پر منظور کریں۔
- کھیپ (shipment) کی تیاری اور ترسیل کی نگرانی کریں۔
- مال وصول ہونے کے بعد مقدار اور معیار چیک کریں۔
- فروخت کے نتائج کے مطابق اگلے آرڈر کی مقدار طے کریں۔
نوٹ: یہ مضمون صرف عمومی معلوماتی مقصد کے لیےلکھا گیا ہے اور اسے حتمی قانونی یا مالیاتی رائے نا سمجھا جائے۔ قارئین کسی بھی قسم کی سرمایہ کاری یا خریداری سے قبل تمام امور کو تسلی سے چیک کر کے حتمی فیصلہ کریں۔
نتیجہ
Product Sourcing کسی بھی کاروبار کے لیے عالمی سپلائرز تک رسائی کا ایک طریقہ ہے، لیکن کامیاب خریداری کے لیے صرف مناسب قیمت کو فقیت دینا کافی نہیں۔ مطلوبہ پراڈکٹ کی طلب، معیار، سپلائر کی ساکھ، آرڈر کی مقدار، ادائیگی، شپنگ اور درآمدی اخراجات کو ایک ساتھ دیکھنا ضروری ہے۔
علی بابا، AliExpress، Made-in-China، Global Sources اور 1688 جیسے پلیٹ فارمز مصنوعات اور سپلائرزتک رسائی میں مدد دے سکتے ہیں۔ تاہم، ہر پلیٹ فارم کا طریقہ کار اور کاروباری شرائط مختلف ہوسکتی ہیں۔
اسلئے حتمی آرڈر دینے سے پہلے متعلقہ سپلائر کی جانچ، نمونے کا جائزہ اور مکمل لاگت کا حساب آپ کو بہتر منصوبہ بندی میں مدد دے سکتا ہے۔
نئے کاروباری افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ پہلےاپنی مارکیٹ کی ریسرچ کر لیں اور پھر دستیاب سرمایہ کاری کے مطابق کاروبار کا آغاز کریں، غیر ضروری طور پر بڑی مقدار ناخریدیں، اور ہر اہم شرط تحریری طور پر محفوظ رکھیں۔
درآمدی قوانین اور ٹیکس کی نوعیت وقت کے ساتھ تبدیل ہو سکتی ہے، اس لیے پاکستان میں مال منگوانے سے پہلے متعلقہ سرکاری اداروں یا مستند کسٹم کلیئرنگ ایجنٹ سے تازہ شرائط کی تفصیلات ضرور چیک کرلیں۔