لوڈ ہو رہا ہے... | 🌤 پشاور: 38°C
اوور سیز پاکستانی

Overseas Pakistanis FBR Tax Return کی رجسٹریشن اور ریٹرن آن لائن فائل کا مکمل طریقہ

ٹیکس کسی بھی ملک کی ترقی اور حکومتی معاملات کو چلانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، کیونکہ زیادہ ٹیکس کا مطلب اس ملک میں کاروبار کے سازگار اور کاروبار دوست حالات ہیں،  کاروباری سرگرمیاں جتنی مستحکم ہوں گی ملکی معیشت اتنی ہی مضبوط اور خوشحال ہوگی۔ اسی لیے Overseas Pakistanis FBR Tax Return کے ٹیکس نظام، قواعد و ضوابط اور مالیاتی پالیسیوں میں خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔

Overseas Pakistanis FBR Tax Return

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) پاکستان میں ٹیکس وصولی اور ریگولیشن کا مرکزی ادارہ ہے، جو مقامی اور غیر ملکی ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن پر ٹیکس قوانین لاگو کرتا ہے۔

جیسے اندرونِ ملک شہریوں کے لیے ٹیکس کے معاملات اہمیت کے حامل ہیں، ویسے ہی بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی اپنے مالیاتی امور کو قانونی دائرے میں رکھنا ضروری ہے۔ اگر آپ بیرونِ ملک ملازمت کرتے ہیں، پاکستان میں جائیداد رکھتے ہیں، کرایہ وصول کرتے ہیں یا کسی کاروبار اور سرمایہ کاری سے منافع حاصل کر رہے ہیں، تو آپ کو اپنی ٹیکس ذمہ داریوں اور فائلر بننے کے طریقہ کار سے متعلق مکمل آگاہی ہونی چاہیے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) نے ٹیکس سے متعلق کئی سہولتیں آن لائن فراہم کر رکھی ہیں۔ اب اوور سیز پاکستانی  پاکستان آئے بغیر، صرف انٹرنیٹ کے استعمال سے اپنی ٹیکس پروفائل بنا سکتے، انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرسکتے اور دیگر متعلقہ امور انجام دے سکتے ہیں۔

اس مقصد کے لیے ایف بی آر کا IRIS پورٹل استعمال ہوتا ہے۔ اگر آپ بھی پہلی مرتبہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنا چاہتے ہیں تو اس کیلئے پہلے ایف بی آر میں رجسٹریشن کرنا ہوگی۔

اس کے بعد آپ اپنے اکاؤنٹ میں لاگ اِن کرکے متعلقہ ٹیکس سال کا انکم ٹیکس ریٹرن اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ جمع کر سکتے ہیں۔

اس مضمون میں ہم آپ کو تفصیل سے بتائیں گے کہ اوور سیز  پاکستانی ایف بی آر میں رجسٹریشن کا عمل کیسے کر سکتے ہیں، آئی آر آئی ایس (IRIS) اکاؤنٹ کیسے بنایا جاسکتا ہے، ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے لیے کون سی معلومات درکار ہوتی ہے اور ریٹرن جمع ہونے کی تصدیق کیسے کی جا سکتی ہے۔

IRIS فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا آن لائن پورٹل ہے، جس کے ذریعے ٹیکس دہندگان اپنی رجسٹریشن، انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے اور ٹیکس سے متعلق مختلف آن لائن امور انجام دے سکتے ہیں۔

اگر آپ اوور سیز پاکستانی ہیں اور پاکستان میں اپنے ٹیکس کے معاملات خود ہینڈل کرنا چاہتے ہیں تو بنیادی طور پہ یہ پورٹل آپ کیلئے مددگار ثابت ہو سکتا ہے ۔

پہلی مرتبہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والے افرادکیلئے رجسٹریشن ضروری ہے، جس کے بعد حاصل ہونے والی لاگ ان معلومات کے ذریعے آئی آر آئی ایس میں لاگ اِن کرکے ریٹرن فائل کیا جا سکتا ہے۔

اس کا جواب ہے ہاں، ایف بی آر نے انفرادی افراد کے لیے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت فراہم کر رکھی ہے۔ جس کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی اپنی ٹیکس پروفائل بنانے کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔

ایف بی آر کی آن لائن رجسٹریشن شروع کرنے سے پہلے اپنی شناختی دستاویزات، رابطے کی معلومات (موبائل نمبر اور ای میل) اور زرائع آمدن سے متعلق مطلوبہ تفصیلات تیار رکھنا بہتر ہے۔

یہ سہولت ان تمام پاکستانیوں کے لیے بطور خاص مفید ہے جو دبئی، سعودی عرب، برطانیہ، امریکہ یا یورپ کے کسی دوسرے ملک میں روزگار یا کاروبار کے سلسلے میں مقیم ہیں اور پاکستان آئے بغیر اپنے ٹیکس امور مکمل کرنا چاہتے ہیں۔

تاہم یہ بات ذہن نشین رہے کہ رجسٹریشن اور ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی ضرورت ہر شخص کی مالی صورتحال اور اس کیلئے متعلقہ قانونی شرائط کے مطابق مختلف ہو سکتی ہے۔

آن لائن رجسٹریشن سے  پہلے اپنی بنیادی معلومات اور مطلوبہ دستاویزات تیار کر لیں تاکہ درخواست مکمل کرتے وقت کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نا کرنا پڑے۔

FBR Tax Return Required Documents

ایف بی آر کی رجسٹریشن سے متعلق ہدایات کے مطابق کسی بھی شخص کو عام طور پہ درج ذیل معلومات فراہم کرنا ہوتی ہیں:

  • پاکستانی شناختی کارڈ (CNIC)، نائیکوپ (NICOP) یا پاسپورٹ نمبر
  • فعال موبائل نمبر
  • فعال ای میل ایڈریس
  • قومیت
  • رہائشی پتہ
  • اکاؤنٹنگ پیریڈ
  • اگر کاروبار ہے تو کاروبار کا نام اور پتہ
  • کاروبار کی بنیادی نوعیت
  • اگر ملازمت کرتے ہیں تو آجر کا نام اور NTN
  • اگر جائیداد سے آمدن حاصل ہوتی ہے تو متعلقہ جائیداد کا پتہ
  • اگر آپ کا کاروبارہے تو کاروباری جگہ کی ملکیت یا کرائے سے متعلق مطلوبہ دستاویزات اور حالیہ یوٹیلیٹی بلز بھی طلب کیے جا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ، ایف بی آر کی ہدایات کے مطابق متعلقہ شخص کے ذاتی بینک اکاؤنٹ کا مینٹیننس سرٹیفکیٹ بھی درکار ہو سکتا ہے۔

بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنے نائیکوپ کی تجدید کے طریقۂ کار کی معلومات بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے نائیکوپ کی معلومات

ضروری نوٹ: اپنی رجسٹریشن کے عمل کے دوران فراہم کی جانے والی تمام معلومات درست اور مکمل ہونی چاہئیں۔ اگر آپ کی رہائش، ملازمت یا کاروبار بیرونِ ملک ہے تو اپنی موجودہ صورتحال کے مطابق مطلوبہ معلومات فراہم کریں۔

اگر آپ پاکستان سے باہرمقیم ہیں تو اپنی پاکستانی شناختی دستاویز، بیرونِ ملک رہائشی پتے، موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس کی درست معلومات فراہم کرنا ضروری ہوگا۔ اس کے ساتھ اپنی ٹیکس رہائش (Tax Residency) کی حیثیت کو سمجھنا بھی اہمیت رکھتا ہے۔

یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ کسی شخص کا صرف بیرونِ ملک مقیم ہونا یا ملازمت کرنے سے وہ شخص خود بخود کسی مخصوص ٹیکس کیٹیگری میں شمار نہیں ہوسکتا۔

ٹیکس قوانین کے تحت کسی بھی فرد کی حیثیت رہائشی (Resident) ہے یا غیر رہائشی (Non-Resident)، اس کا حتمی فیصلہ سال کے دوران پاکستان میں گزارے گئے دنوں اور متعلقہ قانونی شرائط کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

 پہلی مرتبہ ایف بی آر  پورٹل کو استعمال کرنے کیلئے رجسٹریشن ضروری ہے جو درج ذیل طریقہ کار کےتحت کی جا سکتی ہے:

FBR IRIS Account Registration:

سب سے پہلے ایف بی آر کی آفیشل ویب سائٹ پر جائیں اور آئی آر آئی ایس کے آن لائن رجسٹریشن سسٹم کی رسائی حاصل کریں۔

بطور انفرادی شخص رجسٹریشن کا متعلقہ آپشن چنیں اور اپنی مطلوبہ معلومات درج  کریں۔

رجسٹریشن فارم میں اپنی شناختی دستاویز، موبائل نمبر، ای میل ایڈریس، قومیت اور رہائشی پتے سمیت تمام مطلوبہ معلومات کا اندراج کریں۔

اگر آپ ملازم ہیں تو اپنی ملازمت اور آجر سے متعلق مطلوبہ معلومات فراہم کریں۔اگر آپ پاکستان میں کاروبار کرتے ہیں یا آپ کسی ملکیتی جائیداد سے کوئی آمدن حاصل کرتے ہیں تو اس سے متعلق بھی مطلوبہ تفصیلات بھی درج کریں۔

فارم جمع کرنے سے پہلے درج کردہ تمام معلومات احتیاط سے دوبارہ چیک کریں۔ خاص طور پر شناختی دستاویز، ای میل، موبائل نمبر اور آمدن سے متعلق تفصیلات درست ہونی چاہئیں۔

تمام مطلوبہ معلومات اور دستاویزات درج کرنے کے بعد رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں۔ کامیاب رجسٹریشن کے بعد آپ کو آئی آر آئی ایس میں لاگ اِن کرنے کے لیے متعلقہ معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔

رجسٹریشن کے دوران فراہم کردہ معلومات آپ کے ٹیکس پروفائل کا حصہ بن جاتی ہیں، اس لیے کسی دوسرے شخص کی معلومات استعمال کرنے سے گریز کریں۔

رجسٹریشن مکمل کرنے کے بعد آپ کو ایف بی آر کی جانب سے  آئی آر آئی ایس پہ لاگ ان کی معلومات فراہم کی جاتی ہیں، جن کے ذریعے آپ  اپنے اکونٹ پہ لاگ اِن کر سکتے ہیں۔

اگر آپ پہلے سے ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں اور آپ کے پاس NTN یا رجسٹریشن نمبر بھی موجود ہے، لیکن آئی آر آئی ایس میں لاگ اِن کرنے کی معلومات نہیں ہیں، تو آپ ایف بی آر کے E-enrollment for Registered Person کے ذریعے اپنے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ سہولت ان افراد کے لیے مفید ہے جن کی رجسٹریشن پہلے سے موجود ہے لیکن وہ پہلی مرتبہ آن لائن ریٹرن فائل کرنا چاہتے ہیں۔

رجسٹریشن کے بعد اگلا مرحلہ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنا ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لیے آپ کو اپنی آمدن، اخراجات، اثاثوں اور دیگر متعلقہ مالی معلومات درست طور پر فراہم کرنا ہوں گی۔

Pakistan Tax Return for Overseas Pakistanis how to file online
مرحلہ 1: IRIS اکاؤنٹ میں لاگ اِن کریں

 رجسٹریشن کے بعد حاصل ہونے والی معلومات کے ذریعے آئی آر آئی ایس پورٹل میں لاگ اِن کریں۔

اپنے اکاؤنٹ میں متعلقہ ٹیکس سال کا انکم ٹیکس ریٹرن منتخب کریں۔

ریٹرن فائل کرتے وقت اس بات کویقینی بنائیں  کہ آپ درست ٹیکس سال کے لیے معلومات فراہم کر رہے ہیں۔

اپنی آمدن کی نوعیت کے مطابق مطلوبہ معلومات درج کریں۔

ایف بی آر کے مطابق آمدن کی مختلف اقسام میں درج ذیل شامل ہو سکتی ہیں:

  • تنخواہ (Salary)
  • جائیداد سے آمدن (Property Income)
  • کاروباری آمدن (Business Income)
  • سرمایہ جاتی منافع (Capital Gains)
  • دیگر ذرائع سے آمدن (Other Sources)

ہر شخص کی آمدن اور مالی صورتحال مختلف ہوتی ہے،اپنی اصل مالی صورتحال کے مطابق درست معلومات فراہمی ضروری ہے۔

 اس لیے کسی دوسرے شخص کا ریٹرن دیکھ کر اس کی معلومات اپنے ریٹرن میں شامل نہ کریں۔

نہیں، عام طور پر انکم ٹیکس ریٹرن کے ساتھ ویلتھ اسٹیٹمنٹ (Wealth Statement) بھی مکمل کرنا ضروری ہوتا ہے۔

ایف بی آر کے ضوابط کے تحت ٹیکس فائلنگ کا عمل تب ہی مکمل تصور کیا جاتا ہے جب انکم ٹیکس ریٹرن کے ساتھ ساتھ ویلتھ اسٹیٹمنٹ (اثاثہ جات کی تفصیل) بھی آن لائن پورٹل پر کامیابی سے جمع کروا دی جائے۔

ویلتھ اسٹیٹمنٹ کسی شخص کے اثاثوں، واجبات اور مالی حالت کی تفصیلات پر مشتمل ایک دستاویز ہوتی ہے،جس میں تمام متعلقہ معلومات فراہم کی جاتی ہیں تاکہ ٹیکس ریکارڈ میں آمدن، اخراجات اور اثاثوں میں ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا جا سکے۔

مثلا اگر آپ کے پاس پاکستان میں کوئی ملکیتی جائیداد، بینک بیلنس، سرمایہ کاری یا دیگر اثاثے موجود ہیں تو متعلقہ ٹیکس سال کے قواعد کے مطابق ان کی تفصیلات ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں شامل کرنا ضروری ہوتاہے۔

ویلتھ اسٹیٹمنٹ کا اہم حصہ اثاثوں میں ہونے والی تبدیلیوں کا حساب ہے۔ ایف بی آر کے مطابق موجودہ سال کی ویلتھ اسٹیٹمنٹ کا گزشتہ سال کے مقابلے میں ہونے والی تبدیلیوں کے ساتھ مطابقت رکھنا ضروری ہے۔

اگر ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں مطلوبہ مطابقت درست نا ہو تو ریٹرن جمع کرنے میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

بیرونِ ملک رہائش پزیر پاکستانیوں کے لیے یہ بہت اہم معاملہ ہے، کیونکہ پاکستان میں ٹیکس کی ذمہ داری کا تعین صرف اس بات سے نہیں ہوتا کہ کوئی شخص بیرونِ ملک ملازمت یا کاروبار کرتا ہے یا نہیں۔

ٹیکس کے معاملات میں فرد کی رہائشی حیثیت، آمدن کا ذریعہ اور متعلقہ قانونی شرائط بھی اہمیت رکھتی ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق پاکستان سے باہر حاصل ہونے والی آمدن کو عموماً غیر ملکی ذرائع سے آمدن (Foreign Source Income) کہا جاتا ہے، جبکہ پاکستان سے متعلق مخصوص آمدن پاکستانی ذرائع سے آمدن (Pakistan-source Income) کے زمرے میں آ سکتی ہے۔

مثال کے طور پر، پاکستان میں موجود کسی ملکیتی جائیداد سے حاصل ہونے والا کرایہ پاکستانی ذریعہ آمدن میں شمار ہو سکتا ہے۔

اگر آپ دبئی، سعودی عرب، برطانیہ، امریکہ یا یورپ کے کسی ملک میں ملازمت یا کاروبار کرتے ہیں اور پاکستان میں بھی جائیداد، کاروبار یا سرمایہ کاری رکھتے ہیں، تو اپنی ٹیکس کی رہائشی حیثیت (Tax Residency) اور ذرائع آمدن کے مطابق درست معلومات فراہم کرنا ضروری ہے۔

بیرونِ ملک حاصل ہونے والی آمدن پر ٹیکس کی قانونی ذمہ داری ہر فرد کے لیے ایک جیسی نہیں ہوتی، بلکہ اس کا حتمی تعین ٹیکس قوانین اور ہر شخص کے مخصوص مالیاتی حالات کے مطابق کیا جاتا ہے۔

اوور سیز  پاکستانیوں کے لیے اپنی ٹیکس رہائش کی حیثیت سمجھنا بہت اہمیت رکھتا ہے۔ کیونکہ پاکستانی ٹیکس قوانین کے مطابق کسی شخص کو رہائشی یا غیر رہائشی ٹیکس دہندہ قرار دینے کے لیے مخصوص قانونی شرائط موجود ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق، کسی بھی ٹیکس سال میں پاکستان کے اندر گزارے گئے دنوں کی تعداد ٹیکس رہائش (Tax Residency) طے کرنے میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

عام طور پہ اگر کوئی بھی شخص ایک ٹیکس سال میں مجموعی طور پر 183 دن یا اس سے زائد پاکستان میں قیام پزیر رہے، تو قانوناً اسے رہائشی ٹیکس دہندہ (Resident) شمار کیا جاتا ہے۔

تاہم، ٹیکس قوانین میں قیام کے علاوہ دیگر شرائط و ضوابط بھی شامل ہیں، اس لیے صرف دنوں کی گنتی پر حتمی انحصار درست نہیں۔

اگر آپ اوورسیز پاکستانی ہیں، تو ٹیکس ریٹرن جمع کروانے سے قبل متعلقہ سال کے قواعد کے مطابق اپنی درست رہائشی حیثیت کی تصدیق لازماً کر لیں۔

ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی ضرورت اور اس کے ممکنہ فوائد ہر شخص کی مالی صورتحال اور متعلقہ قانونی شرائط کے مطابق مختلف ہوتے ہیں۔

بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایف بی آر نے بعض مخصوص معاملات میں سہولتیں بھی فراہم کر رکھی ہیں۔

مثال کے طور پر، ایف بی آر کے قواعد کے مطابق نائیکوپ (NICOP) یا پی او سی (POC) رکھنے والے غیر رہائشی اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں جائیداد کی خرید و فروخت پر مخصوص شرائط کے تحت ایڈوانس انکم ٹیکس میں فائلر والی کم شرح کی رعایت مل سکتی ہے، چاہے وہ ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل نا بھی ہوں۔

تاہم، یہ رعایت ایف بی آر کے طے کردہ ضوابط اور مقررہ طریقہ کار پر لازمی عمل کرنے والوں کیلئے فائدہ مند ہو سکتی ہے۔

یہ نکتہ سمجھنا انتہائی ضروری ہے کہ پاکستان میں عام فائلر ہونا اور غیر رہائشی پاکستانیوں کے لیے مخصوص ٹیکس سہولیات حاصل کرنا دو علیحدہ قانونی معاملات ہیں، اور کسی بھی رعایت کا انحصار قانونی طور پہ مقررہ اہلیت پر ہوتا ہے۔

جی ہاں، اگر آپ اپنی آمدن، اثاثوں، اخراجات اور دیگر  مالی امور کو درست انداز میں سمجھتے ہیں تو ایف بی آر کے آئی آر آئی ایس پورٹل کے ذریعے خود بھی اپنی ٹیکس ریٹرن فائل کر سکتے ہیں۔

ایف بی آر نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر این ٹی این رجسٹریشن اور ریٹرن فائلنگ کے حوالے سے مکمل ہدایات اور وضاحتی ویڈیو ٹیوٹوریلز فراہم کر رکھی ہیں۔

اس رہنمائی سے فائدہ اٹھا کر آپ بھی اپنے ٹیکس امور باآسانی خود نمٹا سکتے ہیں، جس سے کسی بھی مرحلے پر ایجنٹ، وکیل یا کنسلٹنٹ پر انحصار کرنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔

تاہم، اگر آپ کے ذرائع آمدن پیچیدگی کا شکار ہیں، اور پاکستان اور بیرونِ ملک دونوں جگہ کاروبار پھیلا ہوا ہے، متعدد جائیدادیں یا بڑی سرمایہ کاری موجود ہے، یا اپنی ٹیکس رہائشی حیثیت (Tax Residency) کے حوالے سے کوئی ابہام موجود ہے، تو کسی مستند ٹیکس کنسلٹنٹ یا قانونی ماہر سے رہنمائی لینا زیادہ محفوظ اور دانشمندانہ قدم ہوگا۔

آئی آر آئی ایس (IRIS) پورٹل پر اپنا ڈیٹا کے اندراج کے بعد اس بات کی تصدیق بہت ضروری ہے کہ آپ نے ریٹرن کو صرف ڈرافٹ کے طور پہ ‘محفوظ’ (Save) نہیں رکھا بلکہ باقاعدہ ‘جمع’ (Submit) بھی کر دیا ہے۔

Tax Return Submission varification

ریٹرن کو ڈرافٹ (Draft) میں محفوظ کرنا اور حتمی طور پر جمع کروانا دو بالکل علیحدہ مراحل ہیں۔

ایف بی آر کے وضح کردہ طریقہ کار کے مطابق جب انکم ٹیکس ریٹرن اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ دونوں کامیابی سے جمع ہو جائیں تو وہ ڈرافٹ فولڈر سے نکل کر مکمل شدہ ٹاسک (Completed Tasks) میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔

اس لیے پن (PIN) کوڈ کے ذریعے سبمٹ کرنے کے فوراً بعد اپنے آئی آر آئی ایس اکاؤنٹ کے Completed Tasks فولڈر میں لازماً چیک کریں کہ دونوں دستاویزات کامیابی کے ساتھ فائل ہو چکی ہیں۔

ٹیکس ریٹرن فائل کرتے وقت درج ذیل باتوں کا خاص خیال رکھیں:

ٹیکس ریٹرن میں اپنی آمدن، اثاثوں اور دیگر مالی معاملات کی تفصیلات درست طور پہ درج کریں۔ اورکسی دوسرے شخص کی معلومات کو نقل نا کریں۔

بیرونِ ملک رہائش پزیر ہونے کی بنیاد پر خود سے رہائشی یا غیر رہائشی ٹیکس دہندہ ہونے کا فیصلہ نا کریں۔ متعلقہ ٹیکس سال کے قوانین کے مطابق پہلے اپنی حیثیت چیک کرلیں۔

اگر آپ پاکستان میں ملکیتی جائیداد، کرایہ، کاروبار یا کسی دوسرے ذریعے سے آمدن حاصل کررہے ہیں تو متعلقہ قوانین کے مطابق اس کی درست تفصیلات فراہم کریں۔

صرف انکم ٹیکس ریٹرن مکمل کرنا کافی نہیں ہوتا۔ بلکہ ویلتھ اسٹیٹمنٹ بھی درست طور پر مکمل کریں اور اس میں اثاثوں کی تبدیلیوں کا حساب درست رکھیں۔

آئی آر آئی ایس اکاؤنٹ سے متعلقہ اپنی معلومات اور ای میل تک رسائی کو محفوظ رکھیں، کیونکہ آئندہ بھی ٹیکس سے متعلق امور کے لیے ان کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

اگر آپ پہلی مرتبہ ٹیکس ریٹرن فائل کر رہے ہیں تو آخری تاریخ سے کچھ دن پہلے رجسٹریشن اور ضروری دستاویزات مکمل کر لیں تاکہ کسی تکنیکی یا معلوماتی مسئلے کی صورت میں آپ کے پاس مناسب وقت موجود ہو۔

بیرونِ ملک رہائش پزیر پاکستانیوں کے لیے پاکستان میں ٹیکس سے متعلق متعدد امور آن لائن انجام دینااب ممکن ہو چکا ہے۔

ایف بی آر کے آئی آر آئی ایس پورٹل کو اس عمل کے مرکزی آن لائن پلیٹ فارم کی حیثیت حاصل ہے، جس کے ذریعے رجسٹریشن اور انکم ٹیکس ریٹرن فائل کیا جا سکتا ہے۔

اگر آپ پہلی مرتبہ ٹیکس ریٹرن فائل کر رہے ہیں تو  ایف بی آر میں پہلے رجسٹریشن  کرلیں۔ اس کے بعد آئی آر آئی ایس میں لاگ اِن کرکے متعلقہ ٹیکس سال کا ریٹرن منتخب کریں اور اپنی آمدن، اثاثوں اور دیگر مطلوبہ مالی معلومات کا درست اندراج کریں۔

انکم ٹیکس ریٹرن کے ساتھ ساتھ ویلتھ اسٹیٹمنٹ کا  کامیابی سے جمع کروانے کی تصدیق کرنا بھی ضروری ہے۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ بیرونِ ملکرہائش پزیر ہر پاکستانی کی ٹیکس صورتحال ایک جیسی نہیں ہوتی۔ پاکستان میں قیام کے دن، بیرونِ ملک آمدن، پاکستان میں موجود ملکیتی جائیداد اور دیگر مالی معاملات کے مطابق ٹیکس کی صورتحال مختلف ہو سکتی ہے۔

اس لیے ریٹرن فائل کرنے سے پہلے اپنی اصل مالی صورتحال اور متعلقہ ٹیکس سال کے قوانین کو سمجھنا ضروری ہیں۔

اہم نوٹ: ٹیکس قوانین، ٹیکس کی شرح اور ایف بی آر کی اس حوالے سے ہدایات وقت کے ساتھ تبدیل ہو سکتی ہیں۔ ریٹرن فائل کرنے سے پہلے متعلقہ ٹیکس سال کے لیے ایف بی آر کی تازہ ہدایات ضرور چیک کریں۔

 یہ مضمون عمومی معلومات کے لیے ہے اور کسی فرد کی مخصوص ٹیکس صورتحال کے بارے میں حتمی قانونی یا ٹیکس مشورہ نہیں ہے۔

اس کیلئے کسی مستند متعلقہ وکیل یا ایکسپرٹ سے مشورہ کرنا بہتر ہے تاکہ کسی بھی قانونی پیچیدگی کا سامنا نا کرنا پڑے۔

📤 شیئر کریں: 📱 واٹس ایپ 📘 فیس بک 🐦 ٹوئٹر

Leave a Comment

📊 KP آج — لائیو
Sunday، 27 September 2026
اسلامی تاریخ — 2026
🌤️ پشاور
38°C
صاف آسمان، گرم
💵 USD/PKR
278
▲ تازہ
⛽ پیٹرول
248 Rs
▼ فی لیٹر
🥇 سونا
236K
▲ تازہ

📱 واٹس ایپ الرٹ

KP کی تازہ خبریں اور جابز — سیدھے واٹس ایپ پر پائیں

📲 ابھی جوائن کریں
KP Updates