دنیا بھر میں جائیداد کو رینٹ پہ دینے کیلئے باقاعدہ قوانین وضع کیے گئے ہیں، جن کا بنیادی مقصد نا صرف پراپرٹی مالک کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔بلکہ اس قانونی عمل کے ذریعے کرایہ دار کی تمام تر تفصیلات متعلقہ اداروں کے پاس محفوظ ہو جاتی ہیں، جو کسی بھی ناخوشگوار یا ہنگامی حالات میں پولیس اور مالک دونوں کے لیے معاون ثابت ہوتی ہیں۔
خیبر پختونخوا میں بھی کسی بھی قسم کی پراپرٹی کو رینٹ پہ دیتے وقت صرف کرایہ نامہ تیار کروانا کافی نہیں، بلکہ باقاعدہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے KP Tenant Registration کا عمل مکمل کرنا اور کرایہ دار کی تمام تفصیلات متعلقہ تھانے کو فراہم کرنا لازمی ہے۔

اسی سلسلے میں صوبائی حکومت کی جانب سے ‘دی خیبر پختونخوا ریسٹرکشن آف رینٹڈ بلڈنگز (سیکیورٹی) ایکٹ 2014 نافذ العمل ہے، تاکہ کرائے کی تمام عمارتوں اور ان میں رہائش پذیر افراد کا باضابطہ ریکارڈ مرتب کیا جا سکے۔
اس قانون کے تحت مالک مکان ، لیز پر لینے والا یا پراپرٹی ایجنٹ، اور کئی صورتوں میں پراپرٹی ڈیلر، کرائے دار سے متعلق مطلوبہ معلومات پولیس کو فراہم کرنے کے ذمہ دار ہیں۔
اس قانون کے تحت کرایہ نامہ تحریری شکل میں، کرائے دار کی شناخت کی تصدیق اور کم از کم دو ایسے افراد کا حوالہ لازمی ہے جو اس کرایہ دار کو ذاتی طور پہ جانتے ہوں۔
جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کے بعد خیبر پختونخوا پولیس نے شہریوں کی آسانی کے لیے ان خدمات کوآن لائن فراہم کر دیا ہے۔ Police Sahulat Markaz اور متعلقہ موبائل ایپ کے ذریعے کرائے دار کا اندراج انتہائی آسان ہو چکا ہے، جہاں ‘Tenant Certificate’ کا آپشن منتخب کر کے گھر بیٹھے باآسانی یہ رجسٹریشن مکمل کی جا سکتی ہے۔
KP Tenant Registration کیا ہے؟
KP Tenant Registration سے مراد خیبر پختونخوا میں متعلقہ کرائے دار کے بارے میں ضروری اور مطلوبہ معلومات متعلقہ پولیس ریکارڈ میں درج کروانے کا عمل ہے۔

اس ڈیجیٹل نظام کا مقصد یہ ہے کہ پولیس کو کرائے کی تمام عمارتوں اور ان میں رہنے والے تمام افراد کا بنیادی ریکارڈ فراہم کرنا ہے تاکہ بوقت ضرورت کسی مکان یا کرائے دار کی شناخت اور تصدیق کا عمل با آسانی ہو سکے۔
اس قانون کے مطابق متعلقہ پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں آنے والی کرائے کی عمارتوں اور کرائے داروں کا ریکارڈ برقرار رکھنا ہوتا ہے اور ان کا کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بیس بھی تیار کیا جانا مقصد ہے۔
Tenant Registration Online
خیبر پختونخوا پولیس نے مختلف عوامی خدمات کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے Police Sahulat Markaz App متعارف کرائی ہے۔ پولیس کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق اس ایپ میں Tenant Certificate حاصل کرنے کی سہولت موجود ہے، جو کرائے داروں کی رجسٹریشن ، سیکیورٹی اور قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے اہم ہے۔

یہ سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کیلئے پہلے Police Sahulat Markaz پر اکاؤنٹ بنانا یا لاگ اِن کرنا ہوتا ہے۔ پولیس کی جاری کردہ رہنمائی کے مطابق نئے صارف کے لیے نام، شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر اور پاس ورڈ کے ذریعے اکاؤنٹ بنایا جاتا ہے، جبکہ اکاؤنٹ بنانے کے بعد پروفائل کیلئے درکار مطلوبہ معلومات درج کرنا ہوتی ہیں۔
Online Registration کا مرحلہ وار طریقہ
1۔ Police Sahulat Markaz ایپ کھولیں
اس سرٹیفیکیٹ کے حصول کیلئے صرف خیبر پختونخوا پولیس کی سرکاری Police Sahulat Markaz ایپ ہی استعمال کریں، جو گوگل کے پلے اسٹور اور ایپل کے ایپ اسٹور پہ دستیاب ہے۔
2۔ اکاؤنٹ بنائیں یا لاگ اِن کریں
اگر آپ ایپ پہ رجسٹر نہیں تو پہلے رجسٹریشن مکمل کریں۔ پولیس کی سرکاری رہنمائی کے مطابق رجسٹریشن کیلئے نام، CNIC، موبائل نمبر اور پاس ورڈ جیسی معلومات درکار ہوتی ہیں۔
3۔ Tenant Certificate / Tenant Registration سروس منتخب کریں
ایپ میں کرائے دار سے متعلق سروس Tenant Certificate منتخب کریں۔جو ایپ میں پولیس کی دستیاب خدمات میں شامل ہے۔
4۔ کرائے دار اور جائیداد کی مطلوبہ معلومات درج کریں
درخواست میں درکار کرائے دار، مکان اور کرایہ داری سے متعلق ضروری معلومات درست طور پر درج کریں۔
نام، شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر اور پتے جیسی معلومات میں غلطی تصدیقی مرحلے پر مسائل پیدا کر سکتی ہے، اس لیے معلومات اصل دستاویزات کے مطابق اور درست درج کرنا ضروری ہیں۔
5۔ مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کریں
قانون کے مطابق ٹینینسی کانٹریکٹ اور کرائے دار کے شناختی کارڈ سمیت مطلوبہ دستاویزات پولیس کو فراہم کرنا ضروری ہیں۔ سرکاری قانون میں حوالے کیلئے دو افراد کے شناختی کارڈ اور رابطہ نمبر کا اندراج بھی لازمی شرائط میں شامل ہے۔
پولیس کے وضح کردہ قوانین میں تبدیلی عین ممکن ہے اسلئے سرٹیفیکیٹ کے حصول کے وقت تازہ ہدایات چیک کرنا بہتر ہوگا۔
6۔ درخواست جمع کریں
درج کردہ تمام معلومات اور دستاویزات کی جانچ کے بعد درخواست جمع کروائی جا سکتی ہے۔ درخواست جمع کرنے کے بعد اگر نظام کوئی حوالہ نمبر فراہم کرے تو اسے اپنے پاس محفوظ رکھ لیں۔
7۔ تصدیق اور ریکارڈ مکمل ہونے کا انتظار کریں
پولیس کی جانب سے موصول شدہ تمام معلومات کی جانچ کی جا تی ہے۔ قانون کے تحت متعلقہ پولیس اسٹیشن کرائے کی عمارتوں اور کرائے داروں کا ریکارڈ برقرار رکھنے کا ذمہ دار ہوتا ہے۔
پولیس سہولت مرکز ایپ 2026 : خیبر پختونخوا پولیس کی مختلف خدمات موبائل سے حاصل کرنے کا طریقہ جاننے کے لیے ہماری مکمل گائیڈ پڑھیں
اہم: آن لائن سہولت دستیاب ہونے کے باوجود کسی خاص ضلع یا پولیس اسٹیشن کیلئے مجوزہ طریقہ کار، دستاویزات یا تصدیق کا مرحلہ مختلف ہو سکتا ہے۔
اس لیے درخواست کے وقت Police Sahulat Markaz میں دکھائی جانے والی تازہ ہدایات کو چیک کر کے عمل کریں۔
Tenant Information Form کیا ہے؟
Tenant Information Form (TIF) کرائے دار سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے پولیسکی جانب سے استعمال ہونے والا فارم ہے۔
خیبر پختونخوا پولیس کے جاری کردہ TIF میں کرائے دار کا نام، شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر، مستقل پتہ، سابقہ رہائش اور خاندان سے متعلق معلومات سمیت دیگر تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ فارم کے ساتھ کرایہ نامہ اور متعلقہ شناختی دستاویزات منسلک کرنا بھی لازمی ہے۔
قانون کے مطابق پولیس کو فراہم کی جانے والی معلومات میں بنیادی طور پر یہ چیزیں شامل ہیں:
- تصدیق شدہ کرایہ نامے کی نقل
- کرائے دار کے شناختی کارڈ کی تصدیق شدہ نقل
- دو حوالہ دینے والے افراد کے نام
- ان حوالہ جات کے شناختی کارڈ کی نقول
- دونوں حوالہ جات کے رابطہ نمبرز
- کرائے دار کے ساتھ رہنے والے 14 سال سے زیادہ عمر کے مرد افراد کی مطلوبہ تفصیلات
Tenant Acknowledgement Receipt
پولیس کو مطلوبہ معلومات کی فراہمی اور ان کی جانچ پڑتال کے بعد متعلقہ تھانہ باقاعدہ طور پر ایک رسید جاری کرتا ہے، جسے Tenant Acknowledgement Receipt (TAR) کہا جاتا ہے۔
فراہم کردہ تمام معلومات کی تسلی بخش تصدیق کے بعد نا صرف یہ رسید جاری ہوتی ہے بلکہ اس اندراج کو تھانے کے روزنامچے (Daily Diary) کا حصہ بھی بنا دیا جاتا ہے، کیونکہ قانونی تقاضے کے مطابق اس رسید کی ایک تصدیق شدہ نقل کرایہ دار کو فراہم کرنا لازمی ہے۔

خیبر پختونخوا پولیس کے سرکاری فارم میں مالک مکان، کرایہ دار، پراپرٹی اور منسلک دستاویزات کے ساتھ ساتھ رسید نمبر اور تھانے کے اندراج کی مکمل تفصیل بھی درج ہوتی ہے۔
اس لیے رجسٹریشن کا عمل مکمل ہوتے ہی یہ رسید اور اس کا ریکارڈ محفوظ رکھنا بے حد ضروری ہے۔
Rent Agreement Registration
خیبر پختونخوا کے وضح کردہ 2014 کے قانون کے مطابق جب کسی بھی شخص کو کرائے کی عمارت میں رہنے کی اجازت دے دی جائے تو معاہدہ تحریری شکل میں ہونا ضروری ہے۔

قانون کے مطابق کرایہ نامہ قانونی دستاویز پر تیار کیا جائے، مالک یا مجاز فریق اور کرائے دار دونوں اس پر دستخط کریں، اور اس میں ایسی معلومات شامل ہوں جن سے کرائے دار کی شناخت کی تصدیق با آسانی ممکن ہو سکے۔
قانون مزید یہ بھی تقاضا کرتا ہے کہ:
- کرائے دار کی شناخت کی مناسب اور مکمل تصدیق کی جائے۔
- کم از کم دو معروف افراد کے حوالے لیے جائیں۔ جو اس کرایہ دار کو ذاتی طور پہ جانتے ہوں۔
- دونوں حوالہ جات والے افراد کے شناختی کارڈ اور موبائل نمبر حاصل کیے جائیں۔
- حوالہ جات کی معلومات کرایہ نامے میں شامل کی جائیں۔
- کرایہ نامہ Notary Public یا Oath Commissioner سے تصدیق شدہ ہو۔
اس لیے صرف سادہ کاغذ پر مالک اور کرائے دار کے دستخط کو باقاعدہ قانونی دستاویز سمجھنا ایک غلط تصور ہے۔
کرائے دار کا پولیس میں اندراج نا کروانے کے قانونی نقصانات
کرائے دار کے اندراج سے گریز محض ایک انتظامی مسئلہ ہی نہیں بلکہ خیبر پختونخوا کے متعلقہ قانون میں اس کے لیے قانونی نتائج بھی موجود ہیں۔
The Khyber Pakhtunkhwa Restriction of Rented Buildings (Security) Act, 2014 کی دفعہ 10 کے مطابق اگر کوئی شخص قانون کی دفعات 3 سے 6 کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اسے ایک سال تک قید، جرمانہ یا دونوں کی سزا ہو سکتی ہے۔
جس کا مطلب معاملہ صرف کرائے دار کا نام پولیس ریکارڈ میں موجود نا ہونا نہیں؛ بلکہ قانون کی متعلقہ دفعات کی خلاف ورزی کی صورت میں فوجداری کارروائی کا اندشہ بھی موجود ہے۔
مزید یہ کہ پولیس کے پاس اگرٹھوس وجہ ہو کہ مالک، لیز پر لینے والا، مینیجر یا پراپرٹی ڈیلر کرائے دار کے مجرمانہ کردار سے واقف تھا یا اس نے کرائے دار کی شناخت کی مناسب جانچ پڑتال نہیں کروائی تو قانون کے تحت اسے جرم میں اعانت کے حوالے سے بھی چارج کیا جا سکتا ہے۔
پولیس کرائے کے مکان کی جانچ کر سکتی ہے؟
قانون کے تحت متعلقہ پولیس افسر، جو کم از کم Assistant Sub-Inspector کے عہدے پہ فائز ہو، کرائے کی کسی بھی عمارت کا معائنہ کر سکتا ہے۔
اس کے علاوہ پولیس اسٹیشن کا انچارج کرائے دار سے ملکیت، کرایہ نامے اور Tenant Acknowledgement Receipt کی نقول تصدیق کے لیے طلب کر سکتا ہے۔ایسی صورت میں قانون 24 گھنٹے کے اندر تمام متعلقہ دستاویزات پیش کرنے کا پابند بناتا ہے۔
اسی لیے کرائے دارکیلئے اپنے کرایہ نامے، پولیس رجسٹریشن اور دیگر متعلقہ دستاویزات کا ریکارڈ سنبھال کر رکھنا ضروری ہو جاتا ہے۔
مالک مکان کی ذمہ داری کیا ہے؟
کسی بھی مالک مکان کی بنیادی ذمہ داری صرف کرایہ کی وصولی نہیں بلکہ کرائے دار کی شناخت اور متعلقہ قانونی تقاضوں کی تکمیل بھی ہے۔
اس کے علاوہ ایک اور قانونی تقاضے کے تحت یہ لازم ہے کہ کرایہ نامے پر دستخط کے بعد، سات یوم کے اندر اندر (سرکاری تعطیلات کو نکال کر) تمام مطلوبہ معلومات متعلقہ پولیس اسٹیشن کو فراہم کی جانی چائیے ۔
اگر جائیداد پراپرٹی ڈیلر کے ذریعے کرائے پر دی گئی ہو تو قانون اس پراپرٹی ڈیلر کو بھی متعلقہ معلومات فراہم کرنے کا پابندکرتا ہے۔
کرائے دار کی ذمہ داری کیا ہے؟
کرائے دار کو چاہیے کہ:
- درست شناختی معلومات فراہم کرے۔
- اصل اور درست CNIC کی معلومات دے۔
- کرایہ نامے میں غلط معلومات درج نہ کروائے۔
- دو معتبر حوالہ جات کی درست معلومات فراہم کرے۔
- اپنے ساتھ رہنے والے افراد کی مطلوبہ تفصیلات درست فراہم کرے۔
- پولیس رجسٹریشن کی رسید یا ریکارڈ محفوظ رکھے۔
- پولیس کی جانب سے تصدیق کے لیے دستاویزات طلب کیے جانے پر مقررہ وقت میں پیش کرے۔
قانون کے تحت پولیس کرائے کی عمارت سے متعلق دستاویزات طلب کر سکتی ہے اور کرائے دار کو متعلقہ دستاویزات فراہم کرنا ہوتی ہیں۔
اگر کرائے دار اپنا گھر تبدیل کر لے تو کیا ہوگا؟
کرایہ دار کی نئے مکان میں منتقلی کی صورت میں پرانے مکان کا ریکارڈ اور نئے مکان کی رجسٹریشن دونوں الگ معاملات میں شامل ہیں۔
نئے مکان میں منتقلی کے وقت نئے کرایہ نامے اور متعلقہ پولیس رجسٹریشن کے قانونی تقاضوں کو مکمل کرنا چاہیے۔
Police Sahulat Markaz کی موجودہ رہنمائی میں صارف کے پروفائل کے Address حصے میں قیام کی تاریخ Stay Date From اور Stay Date To درج کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
تاہم مخصوص منتقلی یا پرانے اندراج کی منسوخی کے طریقہ کار کے لیے متعلقہ پولیس سروس کی تازہ ہدایات دیکھنا ضروری ہوتا ہے۔
غیر ملکی یا افغان شہری کے لیے کیا ہوگا؟
خیبر پختونخوا پولیس کے Tenant Information Form میں غیر ملکی یا افغان شہری کے لیے CNIC کے متعلقہ خانے میں Passport Number یا Afghan Citizen Card Number درج کرنا ضروری ہوتا ہے۔
ایسے افراد کے لیے شناختی دستاویزات اور قانونی قیام سے متعلق اضافی تقاضے ہو سکتے ہیں، اس لیے مالک مکان کو متعلقہ دستاویزات کی درست جانچ کے بغیر کرایہ داری شروع نہیں کرنی چاہیے۔
موجودہ حالات میں افغان شہریوں کی ملک بدری کے بعد اب انکو مکان، دوکان یا کوئی اور پراپرٹی کرایہ پہ فراہم کرنا ایک سیرئیس قانونی جرم بن سکتا ہے اسلئے اس بارے میں بھی متعلقہ پولیس اسٹیشن سے رجوع کر کے معلومات حاصل کر لیں۔
کیا صرف آن لائن رجسٹریشن کافی ہے؟
خیبر پختونخوا پولیس نے 2026 میں بھی واضح کیا ہے کہ Police Sahulat Markaz کے ذریعے کرائے داروں کی ویریفیکیشن اور متعلقہ خدمات دستیاب ہیں، جبکہ پولیس خدمات کو موبائل ایپ کے ساتھ ویب پورٹل، پولیس سہولت مراکز اور دیگر ذرائع تک فراہم کرنے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔
اس لیے درخواست جمع کروانے کے بعد اس کا اسٹیٹس، رسید یا تصدیقی ریکارڈ ضرور محفوظ کرلیں۔ اگر آن لائن درخواست مکمل نا ہو یا متعلقہ سروس دستیاب نا ہو تو متعلقہ پولیس سہولت مرکز یا پولیس اسٹیشن سے رہنمائی لینا بہتر ہے۔
کرائے پر مکان لینے سے پہلے یہ چیک لسٹ مکمل کریں
کرائے دار:
☑ مالک مکان کی شناخت اور ملکیت سے متعلق بنیادی معلومات چیک کرے۔
☑ تحریری کرایہ نامہ ضروربنوائیں۔
☑ کرایہ نامے میں اپنا نام، شناختی کارڈ اور دیگر معلومات کا اندراج درست ہو۔
☑ دو حوالہ جات کی مطلوبہ معلومات فراہم کرے۔
☑ پولیس رجسٹریشن مکمل کروائے۔
☑ Tenant Acknowledgement Receipt یا آن لائن رجسٹریشن کا ریکارڈ محفوظ رکھے۔
☑ کرایہ نامے اور شناختی دستاویزات کی نقول اپنے پاس رکھے۔
مالک مکان:
☑ کرائے دار کی شناخت کی مناسب تصدیق کرے۔
☑ تحریری کرایہ نامہ تیار کرے۔
☑ دو معتبر حوالہ جات حاصل کرے۔
☑ کرائے داری کی مطلوبہ معلومات مقررہ مدت میں پولیس کو فراہم کرے۔
☑ پولیس رجسٹریشن کی رسید محفوظ رکھے۔
☑ کرائے دار کی مطلوبہ دستاویزات اور معلومات درست رکھے۔
خلاصہ
خیبر پختونخوا میں کرائے کے مکان یا دوسری عمارت کے لیے پولیس رجسٹریشن کو صرف ایک معمولی رسمی کارروائی کے طور پہ لینا مناسب نہیں۔
The Khyber Pakhtunkhwa Restriction of Rented Buildings (Security) Act, 2014 کرایہ نامہ، کرائے دار کی شناخت، دو حوالہ جات، پولیس کو معلومات کی فراہمی اور متعلقہ ریکارڈ رکھنے کا تقاضہ کرتا ہے۔
قانون کےمطابق متعلقہ معلومات کرایہ نامہ طے ہونے کے بعد مقررہ مدت کے اندر پولیس کو فراہم کرنا ضروری ہے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں ایک سال تک قید، جرمانہ یا دونوں کی سزا کا خدشہ موجود ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا پولیس نے Police Sahulat Markaz کے ذریعے Tenant Certificate سمیت مختلف پولیس خدمات کو آن لائن فراہم کیا ہے، جس سے شہریوں کے لیے کرائے دار کی رجسٹریشن اور متعلقہ کارروائی پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان ہو گئی ہے۔
لہٰذا مکان مالک اور کرائے دار دونوں کے لیے بہتر طریقہ یہی ہے کہ تحریری کرایہ نامہ، شناخت کی تصدیق اور پولیس رجسٹریشن کےقانونی تقاضے بروقت مکمل کیے جائیں اور رجسٹریشن کا ثبوت اپنے پاس محفوظ رکھا جائے۔