دستک ایپ خیبر پختونخوا – ایک وقت تھا کہ خیبر پختونخوا کے شہریوں کوحکومتی سروسز کا حصول کسی وبال سے کم نہیں تھا ۔ لوگ طویل قطاروں، سرکاری دفاتر کے چکر اور کاغذی کارروائیوں کی بھول بھلیوں میں الجھے رہتے تھے۔ اور اتنی مشکلات کے بعد ملنے والی سروس ان کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ہوتی تھی۔

وقت بدلا ٹیکنالوجی نے ترقی کی اور بہت سی ایسی آسانیاں پیدا ہوئیں جو لوگوں کیلئے کسی خواب سے کم نہیں تھی۔ زمانے کی اس جدت کو بالآخر خیبر پختونخوا حکومت نے بھی اپنایا اور اپنے شہریوں کو ان تکالیف سے نجات دلانے کے لیے بہت سے اہم اقدامات یٹھائے اور سافٹ وئیر ٹیکنالوجی بورڈ بنایا۔
جس نے بہت سی انقلابی چیزیں متعارف کروائی جن میں ایک جدید موبائل اپلیکیشن “دستک” ہے۔ جس کا مقصد سرکاری خدمات کو عوام کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔ دستک، صوبے کے “ڈیجیٹل کے پی” وژن کا ایک اہم ستون ہے جو ڈیجیٹل رسائی، ڈیجیٹل گاورننس، ڈیجیٹل معیشت اور ڈیجیٹل مہارتوں پر مبنی ہے۔
دستک ایپ کیا ہے؟
یہ ایپ بنیادی طور پر ایک “سروس ڈیلیوری پورٹل” ہے جو مختلف سرکاری محکموں کی خدمات شہریوں کو ایک ہی موبائل اپلیکیشن کے ذریعے آسانی اور تیزی سے حاصل کرنے کی سہولت دیتا ہے۔
صارف اس ایپ میں سائن اپ کرنے کے بعد اپنی مطلوبہ سروس منتخب کرتا ہے، اور ایک سادہ اور یوزر فرینڈلی انٹرفیس کے ذریعے تمام ضروری معلومات اور دستاویزات جمع کروانی ہوتی ہیں۔ جس کے بعد صارف اپنی درخواست کا سارا عمل آن لائن ٹریک کر سکتا ہے۔

یہ ایپ پہلے محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کے تعاون سے شروع کی گئی اور بعد ازاں اس میں دیگر محکموں کی خدمات بھی شامل کر دی گئیں، جس سے یہ ایک ملٹی ڈیپارٹمنٹ ڈیجیٹل پلیٹ فارم بن گئی ہے۔
دستک ایپ کا بنیادی مقصد
دستک ایپ کو چند بنیادی مقاصد کومد نظر رکھتے ہوئے بنایا گیا:

- شفافیت کا فروغ: شہریوں کے لئے سرکاری خدمات کی فراہمی میں شفافیت کا فروغ تاکہ رشوت اور بدعنوانی کے مواقع کم ہوں
- وقت اور وسائل کی بچت: روایتی طریقہ کار میں شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانا پڑتے تھے جو دستک کے لانچ کے بعد ختم ہوئے اور اب گھر بیٹھے ان کو سب سروسز میسر ہیں۔
- رسائی میں آسانی: poly دور دراز علاقوں، بزرگ افراد اور جسمانی طور پر معذور شہریوں کے لیے سرکاری خدمات تک رسائی مشکل اورتکلیف دہ تھی اب دستک ایپ کے بعد انکے لئے آسانی ہو گئی۔
- انتظامی بوجھ میں کمی: سرکاری دفاتر میں افرادی قوت کی کمی کی وجہ سےہمیشی لوگوں کی بھیڑ لگی رہتی تھی جو دور دراز کے لوگوں کیلئے بڑی پریشانی تھی لیکن دستک ایپ کی دستیابی کے بعد اب خدمات کی فراہمی ڈیجیٹلی ہونے کے بعد یہ مسائل نہیں رہے۔
دستک ایپ پر دستیاب خدمات
اسلحہ لائسنسنگ
اسلحہ لائسنس کا حصول، تجدید اور انتظام کا مکمل عمل اب گھر بیٹھے ممکن ہو گیا ہے۔ اب دستک ایپ میں نئے لائسنس کی درخواست، تجدید اور کاپی کنورژن جیسی سہولیات بھی شامل کر دی گئی ہیں، جبکہ شکار کے لائسنس، قبضہ لائسنس اور شوٹنگ پرمٹ بھی اسکے زریعے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
ٹرانسپورٹ اور ڈرائیونگ لائسنس
ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے لرنر ڈرائیونگ لائسنس، مستقل ڈرائیونگ لائسنس، انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ اور مختلف گاڑیوں (بشمول ٹریکٹر، رکشہ اور روڈ رولر) کا اجرا دستک کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔
دیگر شہری خدمات
ڈومیسائل، ای-اسٹامپنگ، پیدائش، شادی، وفات اور طلاق کے سرٹیفکیٹس، پانی کے کنکشن، اور بلڈنگ پلان کی منظوری جیسی ضروری سروسز بھی اس پلیٹ فارم کا حصہ ہیں جبکہ کچھ کو مرحلہ وار شامل کیا جا رہا ہے۔
فیول سبسڈی اور دیگر عوامی اسکیمیں
حال ہی میں صوبائی حکومت نے موٹرسائیکل اور اسکوٹر مالکان کے لیے احساس فیول سپورٹ پروگرام کا آغاز بھی دستک ایپ کے ذریعے کیا، جس کے تحت اہل صارفین کو ماہانہ مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
دستک ایپ کے نمایاں فیچرز۔
- آن لائن درخواست اور رجسٹریشن: شہری گھر بیٹھے اپنے موبائل فون سے ہی اکاؤنٹ بنا کر مختلف سرکاری خدمات حاصل کرنی کی درخواست دے سکتے ہیں۔
- بایومیٹرک تصدیق: جن خدمات کے لیے آن لائن بایومیٹرک تصدیق ضروری ہے اس کیلئے ایپ کے اندر ہی یہ نظام شامل کیا گیا ہے، جس سے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت کم ہو جاتی ہے۔
- ڈیجیٹل ادائیگی: جاز کیش، ایزی پیسہ، آئی بی ایف ٹی اور پی ایس آئی ڈی (PSID) جیسے متعدد آن لائن پلٹ فارم سےادائیگی کے طریقے موجود ہیں۔ جو صارفین کو بنکوں کی غیر ضروری قطاروں سے بچاتے ہیں۔
- ای-ٹریکنگ اور خودکار الرٹس: اپنی درخواست کا سٹیٹس حقیقی وقت میں ٹریک کیا جا سکتا ہے اور صارف کو خودکار پیغامات کے ذریعے آگاہ رکھا جاتا ہے۔
- سروس لوکیٹر: قریب ترین نادرا ای-سہولت مراکز یا متعلقہ دفاتر تلاش کرنے کی سہولت۔
- کال سینٹر سپورٹ: شہریوں کی رہنمائی اور مسائل کے حل کے لیےکسٹمر سپورٹ کا مظبوط نظام بھی اس میں شامل ہے جو 24 گھنٹے آنلائن سروس مہیا کرتا ہے۔
دستک ایپ کے فوائد
ماہرین اور استعمال کنندگان کے مطابق دستک ایپ کے چند بڑے فوائد یہ ہیں:
- صارفین کو سرکاری دفاتر کے چکروں اور طویل قطاروں سے نجات۔
- دور دراز علاقوں کے صارفین، بزرگ شہریوں اور بیماروں کو وقت اور سفر کے اخراجات کی بچت ۔
- آنلائن خدمات کےعمل سے شفافیت اور جوابدہی میں اضافہ، جس سے بدعنوانی کے امکانات کم ہوتے ہیں۔
- تمام سرکاری خدمات کی بروقت فراہمی کے لیے ایک متبادل، تیز رفتار ڈیجیٹل ذریعہ۔
- بین الاقوامی سطح پر پذیرائی — صوبائی حکام کے مطابق دستک ایپ کو عالمی سطح کے ٹیک مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی واحد ایپ کے طور پر شامل کیا گیا، جہاں بھارت، انڈونیشیا، ملائیشیا، پیرو اور بنگلادیش جیسے ممالک کی ایپس بھی مقابلے میں شریک تھیں۔
چیلنجز اور صارفین کی رائے
ہر نئی ڈیجیٹل ایپ کی طرح دستک ایپ کو بھی شروعاتی مراحل میں کچھ تکنیکی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ جن میں ایپ اسٹورز پر صارفین کی جانب سے لاگ ان میں تاخیر، سرور ایرر، اور درخواست کی سٹیٹس چیک کرنے میں دشواری جیسی کچھ شکایات سامنے آئی ہیں۔
صارفین نےیہ تجویزبھی دی کہ ڈومیسائل، پیدائش/وفات/شادی کے سرٹیفکیٹس، پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ اور ای ٹی ای اے/کے پی ایس سی جیسی خدمات کو بھی مکمل طور پر ایپ میں شامل کیا جائے۔ جس سے ان کو یہ سہولیات حاصل کرنے میں پریشانی کا سامنا کرنے سے نجات مل جائے گی۔
KPITB کی جانب سے فیڈ بیک کی بنیاد پر مسلسل بہتری کا سلسلہ جاری ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ ایپ ابھی بھی ارتقا کے مراحل میں ہے۔ اور امید کی جا سکتی ہے کہ بہت جلد یہ اپنی خامیوں پہ قابو پا کے شہریوں کو بغیر کسی پریشانی کے تمام سروسز فراہم کرے گی۔
دستک ایپ کیسے استعمال کریں؟
- گوگل پلے اسٹور یا ایپل ایپ اسٹور سے “Dastak App” ڈاؤن لوڈ کریں۔
- شناختی کارڈ (CNIC) نمبر اور ضروری معلومات کے ساتھ اکاؤنٹ رجسٹر کریں۔
- مطلوبہ سروس کا انتخاب کریں اور درکار تفصیلات و دستاویزات اپ لوڈ کریں۔
- آن لائن فیس کی ادائیگی کریں (پی ایس آئی ڈی، جاز کیش، ایزی پیسہ وغیرہ کے ذریعے)۔
- درخواست کی صورتحال کو ایپ میں موجود ٹریکنگ سیکشن سے مانیٹر کریں۔
مستقبل کا لائحہ عمل
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے دستک ایپ کو مزید محکموں اور خدمات تک وسیع کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق آنے والے دنوں میں صوبے کی تقریباً تمام بنیادی شہری خدمات ایک ہی ڈیجیٹل چھت تلے میسر ہوں گی، تاکہ خیبر پختونخوا کے عوام کو جدید، شفاف اور تیز رفتار طرزِ حکمرانی کے ثمرات حاصل ہو سکیں۔
اگر آپ خیبر پختونخوا میں پولیس کی جدید سروسز کے بارے میں جاننا چاہتےہیں تو یہ بھی پڑھیں۔
خلاصہ
دستک ایپ خیبر پختونخوا حکومت کی ڈیجیٹل تبدیلی کی کوششوں کا ایک اہم سنگِ میل ہے، جو اسلحہ لائسنسنگ، ٹرانسپورٹ خدمات اور دیگر شہری سہولیات کو عوام کی دہلیز تک پہنچا رہی ہے۔ اگرچہ ایپ کو ابھی چند تکنیکی چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن اس کا وسیع دائرہ کار اور شفافیت پر مبنی ڈیزائن اسے صوبے کے ڈیجیٹل گورننس ماڈل کا ایک اہم جزو بناتا ہے۔